انتخابات میں مشترکہ امیدوارکھڑے کرینگے امتیاز شیخ
غیر جانبدار گورنرز کا تقررکیاجائے،پیپلز پارٹی کی مخالف اتحادی جماعتوں کا اجلاس.
مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں صوبے میں حکمراں جماعت اور ان کے گٹھ جوڑ سے قائم نام نہاد اپوزیشن کے خلاف مشترکہ امیدوار لانے کے لیے لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں۔
وہ پیپلز پارٹی کی10 مخالف اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرہے تھے، اجلاس میں جام مدد علی خان، سلیم ضیا، اسد اللہ بھٹو، محمد اسلم غوری، شکیل قادری، مطلوب اعوان، سید زین شاہ، محمد عالم شاہ، حیدر شاہانی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں تمام پارٹیوں نے اپنے اپنے قومی و صوبائی اسمبلی کے متوقع امیدواروں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا اور نگراں حکومت کے حوالے سے مشاورت کی، امتیاز شیخ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے سیاسی گورنرز کو ہٹا کر غیر سیاسی اور غیر جانبدار گورنرز کا تقرر عمل میں لایا جائے،انھوں نے کہا کہ سندھ میں نگراں حکومت کے حوالے سے مشاورت کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے سید سردار احمد نے رابطہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مقبول شیخ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت ان کا ذاتی فیصلہ ہے جبکہ میں پیرصاحب پگارا کی قیادت میں پی ایس11شکار پور سے انتخابات میں حصہ لوں گا، اس موقع پر سنی تحریک کے رہنما شکیل قادری نے کہا کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کراچی میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر بات چیت کے لیے سنی تحریک کے مرکز تشریف لائے تھے۔