دھماکے میں تباہ اپارٹمنٹس کے انہدام کا آغاز ہو گیا

اقرا سٹی او رابعہ فلاور کی نئی عمارتیں ایک سال میں تعمیر ہوں گی،منظور مہدی.


Staff Reporter March 13, 2013
اقرا سٹی او رابعہ فلاور کی نئی عمارتیں ایک سال میں تعمیر ہوں گی،منظور مہدی. فوٹو: اے ایف پی

بم دھماکے میں تباہ اپارٹمنٹس کے انہدام کا آغاز ہو گیا۔

20 روز میں اقرا سٹی او رابعہ فلاور کی دونوں عمارتوں کو گرادیا جائے گا جبکہ نئی عمارتیں ایک سال کے عرصے میں تعمیر کر لی جائیں گی، عمارتوں کو ازسر نو تعمیرپر تقریباً 15کروڑ60 لاکھ کی لاگت آئے گی، تفصیلات کے مطابق خوفناک بم دھماکے میں تباہ ہونے والے رہائشی اپارٹمنٹس اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کے ایک ایک بلاک کی عمارتوں کو انہدام کرنے کے لیے مزدوروں کی بڑی تعداد منگل کو عمارتوں میں پہنچ گئی اور عمارتوں کو توڑنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔



اس موقع پر دھماکے کے نتیجے میں بے گھر ہونیوالے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو منگل کو اپنا قیمتی سامان فلیٹوں اور دکانوں سے نکالنے میں مصروف تھے، تباہ شدہ عمارتوں کے انہدام اور ازسر نو تعمیر کرنے والے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کے رکن منظور مہدی نے ایکسپریس کو بتایا کہ اقرا سٹی اور رابعہ فلاور کے ایک ایک بلاک کے انہدام کا کام 20 روز میں مکمل کر لیا جائے گا ، دونوں عمارتیں ایک سال کے عرصے میں تعمیر کرلی جائیں گی، تباہ شدہ عمارتوں کے انہدام اور ازسر نو تعمیر کے لیے حکومت کی جانب سے 13 کروڑ روپے فراہم کر دیے گئے ہیں جبکہ عمارتوں کی از سر نو تعمیر پر 15 کروڑ 60 لاکھ کی لاگت آئے گی۔