آٹومیشن شعبے کاقیام محکمے کی کاوشوں کانتیجہ ہےشرجیل میمن

محکمے کے افسران کی صلاحیتیں نکھارنے میں مددملے گی،میڈیاکوبھی فائدہ ہوگا


Staff Reporter March 13, 2013
انفارمیشن ڈپارٹمنٹ جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ ہورہاہے،وزیراطلاعات سندھ فوٹو: فائل

ABU DHABI: صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث دنیا گلوبل ولیج کاروپ اختیارکرچکی ہے۔

محکمہ اطلاعات سندھ خودکو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ آٹو میشن سیکشن کا قیام محکمہ اطلاعات کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ یہ بات انھوں نے محکمہ اطلاعات سندھ میں آٹو میشن سیکشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ میں آٹومیشن شعبے کے قیام سے نہ صرف محکمہ اطلاعات کے افسران کی صلاحیتیں نکھارنے میں مدد ملے گی بلکہ میڈیا کے ارکان کو بھی فائدہ ہوگا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی ذمے داریوں میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ جدید الیکٹرانک اور بروقت میڈیا کی موجودگی میں محکمہ اطلاعات سندھ کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنی ذمے داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرنے کے لیے محکمہ اطلاعات سندھ میں آٹومیشن سیکشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔



سیکریٹری اطلاعات سندھ نورمحمد لغاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹومیشن سیکشن کے قیام سے نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے تمام اضلاع میں قائم محکمہ اطلاعات کے دفاتر کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا جو حکومت اور عوام کو قریب لانے میں مفید ثابت ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ذوالفقارعلی نے محکمہ اطلاعات کے افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے آٹومیشن سیکشن کے قیام کو بڑی کامیابی قرار دیا اور کہاکہ یہ کمپیوٹر کی صدی ہے اور اس میدان میں پیچھے رہ جانے والے آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔

انھوں نے محکمہ اطلاعات کے افسران کو ہدایت کی کہ اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لییخودکو کمپیوٹرٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کریں۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات کے افسران یوسف کابورو، انیتابلوچ، یاسمین میمن، اختر علی سوریو، امتیازعلی جویو، شفیق الرحمٰن اور دیگر بھی موجود تھے۔