اولمپکس جیت کیلیے نہ دوڑنے والے ایتھلیٹ کی چھٹی

1500میٹرکیلیے توانائیاں بچانے کی کوشش میں800میٹر میں چند قدم دوڑکررکنے کا جرم


Sports Desk August 07, 2012
1500میٹرکیلیے توانائیاں بچانے کی کوشش میں800میٹر میں چند قدم دوڑکررکنے کا جرم,فوٹو رائٹرز فائل

NEW DEHLI: جیت کیلیے نہ دوڑنے والے ایتھلیٹ الجیریا کے توفیق مخلوفی کی اولمپکس سے چھٹی کردی گئی، وہ 1500 میٹر فائنل کیلیے توانائیاں بچانے کیلیے 800 میٹر میں چند قدم دوڑ کر رک گئے تھے، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ میدان میں دوڑنے کی کوشش ہی نہ کرنے پر مخلوفی کو تمام ایونٹس سے باہر کردیا گیا، میڈیکل بنیاد پر واپسی کا دروازہ بہرحال کھلا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لندن اولمپکس میں جیت کیلیے کوشش نہ کرنے والے ایتھلیٹس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

گذشتہ روز الجیریا کے توفیق مخلوفی کو بھی اس جرم پر اولمپکس سے باہر کردیا گیا ہے، انھوں نے اتوار کو 1500 میٹر دوڑ کے سیمی فائنلز میں فاصلہ تین منٹ اور 42.24 سیکنڈ میں عبور کیا تھا جس کی وجہ سے ان کو میڈل کیلیے مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا تھا، اسی لیے وہ 800 میٹر ہیٹ میں شرکت کرنے پر راضی نہیں تھے مگر ان کی ٹیم اتوار کو ڈیڈ لائن گزرجانے کی وجہ سے ان کو ہیٹ سے دستبردار نہیں کرا پائی جس کی وجہ سے انھیں دوڑنا پڑا۔

ہیٹ کے آغاز پر ہی وہ فیلڈ میں سب سے پیچھے تھے، وہ تھوڑی دیر رکے اور پھر 100 میٹر بھاگ کر ٹریک سے فیلڈ میں اتر گئے اور وہیں پر سے اپنے دوسرے ساتھیوں کیلیے تالیاں بجانا شروع کردیں۔ آئی اے اے ایف کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ ریفری نے جائزہ لیا کہ مخلوفی نے مقابلے کی کوشش ہی نہیں کی اس لیے انھوں نے انھیں مزید تمام مقابلوں سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ اگر مخلوفی اپنی کسی تکلیف سے متعلق مقامی ڈاکٹر سے کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہیں تو منگل کو 1500 میٹر فائنل میں حصہ لے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل میچ تھروئنگ اسکینڈل میں 8 خواتین بیڈمنٹن پلیئرز کو ڈس کوالیفائیڈ قرار دیا گیا۔

البتہ فرنچ رائیڈر مائیکل بورگین کی جانب سے پسندیدہ کیرن ٹریک ایونٹ میں شرکت کی خاطر روڈ ریس مکمل نہ کرنے پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،گذشتہ جمعرات کو نوجوان سائیکلسٹ فلپ ہنڈز نے اعتراف کیا تھا کہ انھوں نے ٹیم اسپرنٹ ایونٹ میں جان بوجھ کرسائیکل ٹکرائی تاکہ برطانیہ کو دوبارہ آغاز کا موقع مل سکے کیونکہ ان کی ریس کی شروعات اچھی نہیں ہوئی تھی۔