ہارون اگرکراچی چیمبرکے نئے صدربی ایم جی نے نامزدکردیا

سینئرنائب صدر کی نشست پر شمیم عارف فرپو اور نائب صدر کی نشست...


Business Reporter August 07, 2012
منیجنگ کمیٹی کے نومنتخب رکن محمد ہارون اگر کو آئندہ مدت کیلیے کراچی چیمبر کے صدر کے عہدے کے لیے نامزد کردیا ہے، فوٹو فائل

کراچی چیمبر آف کامرس کی سال2012-13 کی منیجنگ کمیٹی کی 15 نشستوں پربزنس مین گروپ کے نامزد کردہ تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بزنس مین گروپ نے منیجنگ کمیٹی کے نومنتخب رکن محمد ہارون اگر کو آئندہ مدت کیلیے کراچی چیمبر کے صدر کے عہدے کے لیے نامزد کردیا ہے

جبکہ سینئرنائب صدر کی نشست پر شمیم عارف فرپو اور نائب صدر کی نشست پرناصرمحمود کو نامزد کیا گیا ہے تاہم مذکورہ عہدوں پرنامزد کردہ امیدواروں کو 27 ستمبر 2012 کوباقاعدہ منتخب کیا جائے گا۔ کراچی چیمبر کے انتخابی شیڈول کے مطابق پیر6اگست2012 تک انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمندوں کیلیے نامزدگیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی لیکن اس آخری تاریخ تک صرف بزنس مین گروپ کے نامزد کردہ15امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے

جودیگر نامزدگیاں داخل نہ ہونے کی وجہ سے کامیاب قرارپائے ہیں، منیجنگ کمیٹی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں میں محمد ہارون اگر، ظفر سعید بی پی، عبدالجبار دلال، عالمگیر اے شیخ، آصف اقبال بیگا، محمد عارف، انیس میمن، مفسر عطا ملک، محمد ثاقب، شہزاد مبین، جہانگیر شاہد، فرحان حنیف، عابد نثار منصور سلیمان اور زاہد اقبال شامل ہیں، اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بزنس اینڈ انڈسٹریل کمیونٹی نے ایک مرتبہ پھربی ایم جی پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے گروپ پر مزید مدت کیلیے ذمے داریوں کا بوجھ ڈالا ہے

جس پربی ایم جی کے اکابرین انکے ممنون ہیں، بی ایم جی کے نامزد کردہ عہدیدار رضاکارانہ بنیادوں پرتاجربرادری کو خدمات فراہم کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بزنس مین گروپ گزشتہ 15سال سے تمام الیکشن بغیر کسی نشست کو ہارے ہوئے جیت رہا ہے اور اس عرصہ میں یہ چھٹی کامیابی ہے جس میں تمام امیدوار کراچی چیمبر کی منیجنگ کمیٹی کیلیے بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ 15سالہ کامیابی بزنس مین گروپ کی پبلک سروس کا اعتراف ہے اوراس بات کی تائید ہے کہ بزنس اینڈ انڈسٹریل کمیونٹی کی غالب اکثریت بزنس مین گروپ کی پالیسوں کی حمایت کرتی ہے اور سمجھتی ہے کہ بی ایم جینزبزنس اینڈ انڈسٹریل کمیونٹی کی بہبودکیلیے بے غرض ہو کر کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ بی ایم جی کے نو منتخب نمائندے بزنس اینڈ انڈسٹریل کمیونٹی کی بہبود و ترقی کیلیے تمام کوششیں کریں گے اور پبلک سروس جو بی ایم جی کا موٹو بھی ہے کو فروغ دیں گے۔