کراچی میں طالبانائزیشن سے حالات خراب ہو رہے ہیں معراج محمد خان

دہشت گردی اور انتہا پسندی بڑا مسئلہ ہے، پروین رحمن کے قاتل گرفتار کیے جائیں،تعزیتی ریفرنس سے انیس ہارون ودیگرکا خطاب.


Staff Reporter March 16, 2013
قیام امن کیلیے ’’کراچی امن فورم‘‘ قائم کرنے کا اعلان، کراچی سمیت پورے ملک کو اسلحے سے پاک کرنے کیلیے آپریشن کا مطالبہ فوٹو: فائل

بزرگ سیاستدان معراج محمد خان نے کہا ہے کہ آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے، کراچی میں طالبانائزیشن کی وجہ سے حالات دن بدن خراب ہورہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کی ضرورت ہے او رکراچی کو پرامن بنانے کیلیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہارانھوں نے جمعہ کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہاؤس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر اور معروف سماجی رہنما پروین رحمن کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اظہر علی،ڈاکٹر ٹیپو سلطان،ذوالفقار علی،انیس ہارون ،مہناز الرحمن، حمیدہ خاتون، شاہینہ عدنان اور دیگر نے کہا کہ سماجی رہنما پروین رحمن کا قتل انسانیت کا قتل ہے اور اس قتل نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کردیا ہے، حکومت اس قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور ان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔



ان نما ئندوں نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ کراچی میں قیام امن کیلیے سول سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے کراچی امن فورم قائم کیا جا ئے گا ، اس فورم کے ذریعے شہر میں قیام امن کیلیے پرامن جدوجہد کی جائے گی، ان تنظیموں کے نمائندوں نے واضح کیا کہ سماجی رہنما ڈاکٹر پروین رحمن کا مشن جاری رکھا جائے گا ۔

ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کیا جائے، کراچی سمیت ملک بھر کو طالبانائزیشن، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں، ریفرنس سے کوثر خان، کرامت علی، راحت سعید، اقبال علوی دیگر نے خطاب کیا ،مقررین نے کہا کہ کراچی کے حالات کو بہتر بنانے کیلیے سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تعزیتی ریفرنس میں پروین رحمن کی خدمات پر انھیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔