الیکشن بروقت ہونگے جمہوریت مسائل کا حل ہے گورنرپنجاب

سانحہ بادامی باغ پر پوری قوم افسردہ ہے ،یورپی یونین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو.


Numainda Express March 16, 2013
یورپی یونین پاکستان میں مستحکم جمہوریت چاہتی ہے ،تعاون کرتے رہیں گے ،لارس مارک. فوٹو : فائل

گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ سانحہ بادامی باغ پر پوری قوم افسردہ ہے اور اس واقعے میں وہ شرپسند عناصر ملوث ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتیں اور مسلمان بھائی بھائی کی طرح رہ رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ سانحہ بادامی باغ کے بعد معاشرے کے ہر فرد نے اُ ن سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس سانحے کا سخت نوٹس لیا ہے جبکہ انھوں نے بطور گورنر وزیر اعلیٰ کو خط بھی لکھا ہے جس میں پنجاب کی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کی مجرمانہ غفلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ یورپی یونین کے وفد کے سربراہ لارس گنروگ مارکسے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ عام انتخابات بروقت ہونگے اور پاکستان جمہوریت کے تسلسل کا سفر شفاف اور غیرجانبدارانہ طریقے سے مکمل کریگا۔

جمہوریت کا تسلسل ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 5برسو ں کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ آج ملک میں میڈیا کو اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ تمام ادارے آئینی ذمے داریاں بہترین طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ یورپی یونین کے سفیر نے قیام ِ امن کیلیے پاکستان کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ یورپی یونین پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں تعاون کرتی رہے گی۔