قائد اعظم ٹرافی فائنل کیلیے میدان سج گیا اسٹارز بھی ایکشن میں ہونگے

حفیظ اور اظہرکوکھیلنے کی اجازت،ذوالفقار بابرمعدے میں تکلیف کے سبب آؤٹ،اسد شفیق سے بھی امیدیں وابستہ


Sports Reporter December 21, 2017
ذوالفقار بابرمعدے میں تکلیف کے سبب آؤٹ،اسد شفیق سے بھی امیدیں وابستہ، فوٹوفائل

KARACHI: قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کیلیے میدان سج گیا کئی اسٹارز بھی ایکشن میں ہونگے۔

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کاپانچ روزہ میچ جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا،44 لاکھ روپے انعامی مالیت کے قومی ایونٹ میں واپڈا کی ٹیم اعزاز کا دفاع کررہی ہے،اسے سوئی ناردرن گیس کا چیلنج درپیش ہوگا۔ وکٹ بیٹنگ کیلیے موزوں رہے گی اورکوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگزکھیل سکتا ہے، کامیابی کے لیے دونوں ٹیموں نے بلند عزائم ظاہرکیے ہیں، سابق ٹیسٹ کپتانوں محمد حفیظ اوراظہرعلی کوکھیلنے کی اجازت مل گئی، سلمان بٹ واپڈا کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں، ایس این جی پی ایل کے کپتان اظہر علی یا محمدرضوان ہوں گے، سوئی ناردرن گیس رواں برس ایونٹ میں ناقابل تسخیر رہی،ٹیم نے گذشتہ چار برسوں میں تیسری بار فائنل میں رسائی حاصل کی،اظہرکی واپسی کے بعد اسے حریف سائیڈ کیخلاف نفسیاتی برتری حاصل ہوگئی۔

البتہ ایس این جی پی ایل کیلیے ممتاز اسپنر ذوالفقار بابر کی خدمات سے محروم ہونا کسی صدمے سے کم نہیں ہوگا، وہ معدے میں تکلیف کی وجہ سے لاہورکے مقامی اسپتال میں زیرعلاج ہیں، سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق فائنل دیکھنے کیلیے گرائونڈ میں موجود ہوں گے،وہ میچ کیلیے میدان میں اترنے کا بھی فیصلہ کر سکتے ہیں، بہترین فارم میں موجود وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل واپڈا کی ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہونگے، ٹیسٹ بیٹسمین اسد شفیق بھی ہوم گرائونڈ پر اچھی اننگز کھیل سکتے ہیں، محمد آصف کو انجری کے سبب دورئہ نیوزی لینڈ سے بھی محروم ہونے والے جنید خان کی غیر موجودگی میں دبائوکا سامنا رہے گا، بلاول بھٹی اور عزیزاللہ کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب اعزاز کے دفاع کیلیے کوشاں واپڈا کے ہیڈ کوچ امجد صدیق کا کہنا ہے کہ ہم فائنل جیتنے کیلیے بہت پرامید ہیں ، سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ طویل اننگزکھیل کر اپنی اہلیت تسلیم کرانے کی کوشش کرینگے، ایونٹ کے ٹاپ اسکورر محمد سعد سے بھی ٹیم کو امیدیں وابستہ ہیں، محمد آصف اور وقاص مقصود ہماری بولنگ کے مہلک ہتھیارر ثابت ہونگے لیکن ذوالفقار بابر کی کمی محسوس ہوگی۔

دریں اثنا منگل کے بعد بدھ کو بھی دوسرے دن واپڈا اور ایس این جی پی ایل کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں مختلف اوقات میں نیٹ پریکٹس اورفزیکل ٹریننگ میں حصہ لیا، واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلہ میں گروپ ون سے ایس این جی پی ایل نے اور گروپ ٹو سے واپڈا نے ٹرافی میچ میں جگہ بنائی ہے، فائنل میں احسن رضا اور خالد محمود سینئر امپائرنگ کرینگے، احمد شہاب ٹی وی امپائر ہوں گے، آل حیدر ریزرو امپائر ہونگے، افتخار احمد ریفری اور عمران علی آفیشل اسکوررز کی ذمہ داری ادا کرینگے، 44 لاکھ روپے کے انعامی رقم کے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کیساتھ 25 لاکھ ملیں گے۔