ہاکس بے ٹرک اسٹینڈ کو ناردرن بائی پاس پر منتقل کیا جائے گورنر سندھ

ٹرانسپورٹرز کی حفاظت کیلیے نادرن بائی پاس پرسیکیورٹی نظام کو موثراور ہائی وے پولیس کا گشت بڑھایا جائے، گرونر کی ہدایت


Staff Reporter March 17, 2013
کہ کراچی میں موجود تمام بڑے اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ کراچی کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو سمجھیں، ڈاکٹر عشرت العباد۔ فوٹو فائل

گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ہاکس بے ٹرک اسٹینڈ کوشہر سے باہر منتقل کرنے کیلیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

اسٹینڈ کے لیے نادرن بائی پاس پر زمین مختص کردی گئی ہے، جہاں اسے فوری منتقل کیا جائے،یہ بات انھوں نے گورنر ہاؤس میں یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ کے11 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے غلام یاسین خان کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی، اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری پروفیسر نوشاد شیخ ،کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نادرن بائی پاس پر سیکیورٹی نظام کو موثر بنایا جائے ، جس کیلیے جدید کیمرے اور کمیونیکیشن نیٹ ورک ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ فوری طور پر داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوسٹوں کے علاوہ رینجرز اور ہائی وے پولیس کے گشت کو بھی یقینی بنایا جائے، انھوں نے وفد کی جانب سے دی گئی سفارشات پر میرٹ کے لحاظ سے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ جن گزارشات پر فیصلے ہوچکے ہیں ان فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے،اس ضمن میں کمشنر کراچی کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔



گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں موجود تمام بڑے اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ کراچی کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو سمجھیں اور اسے پورا کرنے کی کوشش کریں ،انھوں نے کہا کہ حکومتی وسائل اتنے نہیں ہیں کہ وہ تن تنہا شہر کی تمام ضروریات خصوصاً انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ پوری کرسکے ۔

انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ یہ ادارے حکومت کا ہاتھ بٹائیں گے اور شہر کو محفوظ ، خوبصورت اور بین الاقوامی طرز کا جدید شہر بنانے میں حکومت سے تعاون کریں گے، اس موقع پر وفد کے سربراہ نے گورنر سندھ کے بروقت تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ،گورنر سندھ نے فون پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد اور آئی جی پولیس شبیر شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیںیونائیٹڈ گڈز ایسوسی ایشن کے مطالبات پورا کرنے کی ہدایت کی۔