نیو ایم اے جناح روڈ پر 2 طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑا 3 زخمی

نیو ایم اے جناح روڈ دو طلبہ تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جوکہ بڑھ کر جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی ۔


Staff Reporter March 17, 2013
ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی. فوٹو : فائل

لاہور: نیو ایم اے جناح روڈ پر دو طلبہ تنظیموں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا۔جس کے نتیجے میں 3 طلبہ زخمی ہوگئے ، ہنگامہ آرائی کے باعث نیو ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے معطل ہوگیا ، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پایا ،

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نیو ایم اے جناح روڈ دو طلبہ تنظیموں کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جوکہ بڑھ کر جھگڑے کی صورت اختیار کرگئی ۔



پولیس کا کہنا ہے کہ ایک طلبہ تنظیم مظاہرہ کررہی تھی کہ اس دوران دوسری طلبہ تنظیم کے کارکن بھی پہنچ گئے اور اس دوران ہنگامہ آرائی بڑھ گئی ، ہنگامہ آرائی کے دوران دونوں جانب سے ڈنڈوں ، لاتوں ، گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

ہنگامہ آرائی کے دوران ڈنڈوں کے وار سے 3 طلبہ 20 سالہ حماد ولد محمد حسین ، 22 سالہ راشد ولد سلطان اور 19 سالہ محسن عبداللہ ولد محمد احسن اللہ زخمی ہوگئے جنھیں ابتدائی طبی امداد کیلیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ، ہنگامہ آرائی کے باعث نیو ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔

ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور متعدد افراد کو حراست میں لیتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا تاہم پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ۔