ای اوبی آئی سے پنشن کیلیے15 سال رجسٹریشن لازمی ہے

ڈپٹی ڈائریکٹر ای اوبی آئی نیئرمحمود کا راولپنڈی چیمبرمیں بزنس کمیونٹی سے خطاب


APP March 18, 2013
ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ای او بی آئی نے سہولت کیلیے اپنے تمام نظام کوآن لائن کر دیا ہے. فوٹو: فائل

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای اوبی آئی) نیئر محمود نے کہا ہے کہ ای اوبی آئی ملازمت پیشہ افراد کی فلاح و بہبود اور ریٹائرمنٹ کے بعد لاحق معاشی پریشانیوں سے بچنے کیلیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وہ راولپنڈی چیمبر کے دورے کے دوران چمبر کے ممبران اور تاجروں وصنعتکاروں سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پرسنیئر نائب صدر پرویز احمد وڑائچ، نائب صدر ندیم رئوف، گروپ لیڈر نجم الحق ملک، سابق صدر نجم ریحان ، شیخ حفیظ ، یونس ڈاراور دیگر اراکین چیمبر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ای او بی آئی نے کہاکہ ادارہ اس وقت لاکھوں گھرانوں کو رزق کی فراہمی کا وسیلہ بن رہا ہے، کم اجرت ملازمین کیلیے شروع کیے گئے اس منصوبے کو عام ملازمین تک پھیلایا جائیگا، پنشن کیلیے کم سے کم مدت 15 سال کی رجسٹریشن کا ہونا لازمی قرار پائی ہے۔

6

ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ای او بی آئی نے سہولت کیلیے اپنے تمام نظام کوآن لائن کر دیا ہے، کوئی بھی کمپنی یا فرم اپنے ملازمین کا ڈیٹا آسانی سے اپ لوڈ کر سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی ناگہانی حادثے یا وفات کی صورت میں متاثرہ فرد کو 100فی صد ریٹرن دیا جاتا ہے، اس کیلیے رجسٹریشن کا کم از کم 5سال ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے صدر چیمبر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر کارباری برادری اس نیک کام میں ادارے کی مدد کرے تو فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

منظر خورشید نے کہاکہ پرائیویٹ ملازمین یا روزانہ اجرت پر کام کرنیوالے افراد کو بڑھاپے میں ای او بی آئی کی رجسٹریشن سے فائدہ حاصل ہوتا ہے، اس لیے ایمپلائر کو چاہیے کہ وہ اپنے ملازمین کی ای او بی آئی میں رجسٹریشن لازمی کرائے۔ انہوں نے کہاکہ ای او بی آئی میں رجسٹریشن نوکری پیشہ افراد کا حق ہے اور متعلقہ ادارے یا کمپنی کو چاہیے کہ وہ اپنے ملازمین کے حقوق کا خیال رکھیں۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ای او بی آئی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔