این ای ڈی یونیورسٹی وی سی ابوالکلام کے عہد آفریں دور کا آج اختتام ہوجائے گا

اکیڈمک کونسل نے شعبہ فزکس میں ماسٹرزپروگرام شروع کرنیکی منظوری دیدی، ماسٹرز میں داخلوں کاآغاز مئی میں ہو گا.


Staff Reporter March 18, 2013
انجینئر ابو الکلام جو آج عہدہ چھوڑ دیں گے۔ فوٹو: فائل

این ای ڈی یونیورسٹی میں آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی نے مالی بحران کے باعث ماسٹرز پروگرام کی فیس میں 45فیصد اضافے کااصولی فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری اکیڈمک کونسل اورسینڈیکیٹ کے اجلاس سے لی جائے گی۔

چندروزقبل منعقدہ اکیڈمک کونسل نے شعبہ فزکس میں ماسٹرزپروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی، ماسٹرز پروگرام میں داخلوں کاآغاز مئی کے پہلے ہفتے میں ہوگا جبکہ کلاسز رمضان کے بعد شروع کی جائیں گی،ادھر این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 16سالہ عہد آفرین آج (پیر کو)ختم ہوجائے گا اور 8 دسمبر 1996 کو یونیورسٹی کے وائس چانسلرکاعہدہ سنبھالنے والے انجینئر ابوالکلام اپنے عہدے کاچارج چھوڑدیں گے، انجینئرابوالکلام کے 16سالہ دور میں یونیورسٹی نے بے مثال ترقی کی ،شعبوں کی تعداد23ہوگئی،نظم وضبط حیرت انگیزمثال قائم ہوئی جبکہ بدامنی پھیلانے والے طلبہ کو بے دخل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق این ای ڈی کے وی سی انجینئرابوالکلام آج(پیر کو) اپنے عہدے کاچارج چھوڑدیں گے، انجینئراے کلام کے 16 سالہ دورکوکراچی کی جامعات میں بالخصوص اورملک بھرکی جامعات میں بالعموم یونیورسٹی کے مثالی دورسے تعبیر کیا جاتا ہے جس میں این ای ڈی یونیورسٹی نے اکیڈمک بنیادوں پرنہ صرف بے مثال ترقی کی بلکہ یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اورعملے کے نظم وضبط حیرت انگیزمثال قائم ہوئی، یونیورسٹی میں قائم شعبوں کی تعداد5سے بڑھ کر23ہوگئی جبکہ یونیورسٹی کی حدودمیں سیاسی سرگرمیوں پرمکمل طورپرپابندی عائد کرکے طلبا گروپس کی سرگرمیاں ختم کردی گئیں۔

انجینئر اے کلام نے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلرکاچارج اس وقت سنبھالاتھاجب کراچی کی سرکاری جامعات میں بدامنی کادوردوراتھا تاہم انھوں نے یونیورسٹی میں بدامنی پھیلانے والے تمام طلبا گروپس کے کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی کی ایک مثال قائم کی، ابتدائی دورمیں بدامنی میں ملوث اور اکیڈمک ماحول خراب کرنے والے طلبا کے داخلے منسوخ کرکے انھیں یونیورسٹی سے بے دخل کردیا، اس حوالے سے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں اورسرکاری حکام کی جانب سے آنے والے دبائو کویکسرمستردکردیاجس کے سبب یونیورسٹی میں نظم وضبط کے قیام کی بنیاد پڑگئی۔

2

انجینئراے کلام نے دوسال قبل بھی تصادم اوراس کے نتیجے میں آڈیٹوریم کے شیشے توڑنے والے طلبا کو 2 سال کے لیے یونیورسٹی سے بے دخل کر دیا تھا، انجینئراے کلام نے یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے مختلف ضابطوں کے نئے شعبوں کی بنیادڈالی،یونیورسٹی میں اس وقت 23شعبوں کی 1985داخلہ نشستیں ہیں جبکہ مجموعی انرولمنٹ 80600کے قریب جاپہنچی ہے، انجینئراے کلام نے کچھ عرصے قبل یونیورسٹی میں سالانہ امتحانی نظام کو سیمسٹر سسٹم میں تبدیل کردیا، این ای ڈی یونیورسٹی کے رجسٹرار جاوید عزیزخان نے ''ایکسپریس''سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ انجینئراے کلام نے یونیورسٹی میں ''ٹائم مینجمنٹ'' پر زور دیا وہ خود صبح ساڑھے8سے قبل یونیورسٹی پہنچتے اورشام کوطلبا کے پوائنٹس نکل جانے کے بعد یونیورسٹی سے جاتے ہیں۔

اگرکبھی معمول کی فائلیں ان کی میز پر موجود نہ ہوں تو وہ کہتے تھے کہ میں بے روزگارہوگیاہوں ایساکیوں ہے اورفائلیں کیوں نہیں بھیج رہے''، علاوہ ازیں این ای ڈی یونیورسٹی میں آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی نے مالی بحران سے تنگ آکرماسٹرزپروگرام کی فیس میں 45فیصد اضافے کااصولی فیصلہ کیاہے جس کی منظوری آئندہ ہونے والے اکیڈمک کونسل اورسینڈیکیٹ کے اجلاس سے لی جائے گی، چندروزقبل منعقدہ اکیڈمک کونسل نے شعبہ فزکس میں ماسٹرزپروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے، ماسٹرزپروگرام میں داخلوں کاآغازمئی کے پہلے ہفتے میں ہوگاجبکہ کلاسز رمضان کے بعد شروع کی جائیں گی۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے ایک تعلیمی افسرنے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ماسٹرزکے داخلے کے وقت طالب علم کومجموعی طورپر13ہزارروپے جمع کرانے ہوتے ہیں جس میں مختلف نوعیت کی فیسیں شامل ہوتی ہیں جسے اب بڑھا کر 18 ہزارتک کیے جانے کی تجویزدی گئی ہے، سیمسٹرمیں پڑھائے جانے والے مضامین میں سے فی کورس 8 ہزار روپے فیس مقررہے جسے بڑھاکر12ہزارروپے کیاجارہاہے، ماسٹرزکلاسز میں ہرسیمسٹرمیں طلبا دوکورسزپڑھتے ہیں جس کی فیس اب 16ہزارسے بڑھ کر24ہزارروپے ہوجائے گی، مزیدبراں داخلہ فیس 1200روپے سے بڑھاکر2500روپے کی جارہی ہے۔

تعلیمی افسرنے مزیدبتایاکہ انرولمنٹ فیس،ڈاکومینٹ وریفیکیشن فیس،لائبریری فیس،ایکویلنس فیس اور انٹرنیٹ فیس سمیت دیگرمدوں کی فیسوں میں بھی اضافہ کیاجارہاہے، علاوہ ازیں این ای ڈی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے شعبہ فزکس میں ماسٹرزپروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے، شعبہ فزکس میں داخلے 25نشستوں پردیے جائیں گے، یاد رہے کہ یونیورسٹی کیمسٹری کے شعبے میں پہلے ہی ماسٹرزشروع کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔