ہار سے قطع نظرشاہد آفریدی نے زبردست بیٹنگ کیمصباح

ٹیم کے ہر پلیئر کا پرفارم کرنا خوش آئند ہے( کپتان ) شروع میں مشکل ہوئی، ہاشم


Sports Desk March 18, 2013
ٹیم کے ہر پلیئر کا پرفارم کرنا خوش آئند ہے( کپتان ) شروع میں مشکل ہوئی، ہاشم۔ فوٹو: فائل

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ون ڈے میں شکست سے قطع نظر ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ ہر ایک پلیئر نے اس مقابلے میں پرفارم کیا، خصوصاً شاہد آفریدی کی اننگز بڑی شاندار رہی، ہمیں معلوم تھا کہ وہ کسی بھی وقت دھواں دار بیٹنگ پرفارمنس دے سکتا ہے ، تجربہ کار آل رائونڈر کو ٹیم کی حمایت کی ضرورت تھی، انھوں نے مزید کہا کہ آج جس انداز میں ہماری ٹیم کھیلی اس سے ثابت ہوا کہ ہم اچھے ہدف کا تعاقب کرسکتے ہیں، فاسٹ بولر عرفان کا دوران میچ انجرڈ ہوجانا مایوس کن رہا، اس کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہمیں 20 سے 30 رنز زیادہ پڑگئے،فیلڈنگ پابندیوں میں کسی بھی سائیڈ کو دائرے کے اندر کم از کم پانچ پلیئرز درکار ہوتے ہیں۔

 

3

انھوں نے ساتھی پلیئر آفریدی کی بوم بوم بیٹنگ کے بارے میں کہاکہ جب انھوں نے کریز پر آکر پہلا چھکا جڑا تو میں نے ان سے کہا کہ تم یہاں پر سنچری بھی بناسکتے ہو، کھیل کے نئے قواعد کے تحت اگر دو بیٹسمین سیٹ ہوجاتے ہیں تو پھر انھیں قابو کرنا خاصا مشکل ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ یہاں کی وکٹ پر گیند بھی اسپن نہیں ہورہا تھا اور نہ ہی سیم تھا، تجربہ کار بیٹسمین نے سلسلہ کلام جاری رکھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا کوئی ایک بیٹسمین سنچری بنالیتا تو ہم یہ مقابلہ جیت بھی سکتے تھے، انھوں نے مزید بتایا کہ انگوٹھے میں گیند لگ جانے کے باوجود آفریدی کی حالت ٹھیک ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ فتح کے ہیروز ہاشم آملا اور ابراہم ڈی ویلیئرز کو مشترکہ طورپر میچ کے بہترین پلیئرز کا اعزاز دیاگیا، ابراہم ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم کی پرفارمنس پر فخر ہے، شائقین نے بھی ہمیں اچھا سپورٹ کیا، پنک ڈے کے حوالے سے لوگوں میں بریسٹ کینسر جیسے مرض کیخلاف آگاہی میں شامل ہونے پر ہمیں خوشی ہوئی، ہمیں امید ہے کہ ہم اس نیک مقصد کیلیے خاصا فنڈ جمع کرپائے ہوں گے، انھوں نے مزید کہا کہ میرے لیے آملا کے ساتھ بیٹنگ کرنا ہمیشہ خوش کن رہتاہے، ہاشم آملا نے کہا کہ ابتدائی 10 اوورز میں بیٹنگ کے دوران کچھ پریشانی ہوئی تھی، تاہم جیسے جیسے میچ آگے بڑھا میں اور ڈی ویلیئرز سیٹ ہوتے چلے گئے۔