موہالی ٹیسٹ شکست کینگروز کے دروازے پر دستک دینے لگی

آسٹریلیا کو 75رنز پر 3کھلاڑیوں کا صدمہ، تینوں وکٹیں بھونیشور کمار لے اڑے


Sports Desk March 18, 2013
بھارتی اننگز499 پر تمام،دھون187، مرلی وجے153 اورکوہلی67رنزبناکرنمایاں۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ایک اور شکست کینگروز کے دروازے پر دستک دینے لگی، موہالی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھونیشور کمار آسٹریلیا پر ٹوٹ پڑے۔

ٹاپ 3 بیٹسمینوں کو آئوٹ کرکے بھارت کی پوزیشن بہتر بنادی، مہمان سائیڈ نے چوتھے دن کے اختتام پر 3 وکٹوں پر 75 رنز بنائے، فل ہیوز 53 پر ناٹ آئوٹ ہیں، خسارہ ختم کرنے کیلیے مزید 16 رنز درکار ہیں، اس سے قبل بھارتی ٹیم 499 پر آئوٹ ہوئی، شیکھر دھون نے 187 اور مرلی وجے نے 153 رنز بنائے، ویرت کوہلی 67 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، پیٹرسڈل نے پانچ وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے ہاتھوں ابتدائی دو ٹیسٹ میں شکست سے دوچار ہونے والی آسٹریلوی ٹیم ایک بار پھر مشکل میں گرفتار ہوچکی ہے۔

دوسری اننگز میں اس نے 75 رنز پر تین وکٹیں گنوادیں، پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر بھونیشور کمار نے ڈیوڈ وارنر کو دھونی کا کیچ بنایا، وہ صرف دو رن بنا پائے، دوسرے اوپنر ایڈ کوان بھی 8 رنز پر بھونیشور کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اسٹیون اسمتھ کی وکٹ بھی بھونیشور کمار کے ہی ہاتھ آئی، دوسرے اینڈ پر موجود فل ہیوز نے فاسٹ بولرز کے ساتھ اسپنرز کو بھی سنبھل کر کھیلا، جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو وہ 53 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ ناتھن لیون نے 4 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل بھارت نے 283 رنز بغیر کسی نقصان کے دن کا آغاز کیا مگر اوپنر کے بعد سوائے ویرت کوہلی کے اور کوئی بھی آسٹریلوی اٹیک کا سامنا نہیں کرپایا۔

ڈیبیو پر تیز ترین سنچری جڑنے والے شیکھر دھون 187 رنز بناکر ناتھن لیون کی گیدن پر کوان کا کیچ بن گئے، انھوں نے 174 گیندوں میں سے دو پھر چھکے اور 33 کو بائونڈری کی سیرکرائی، چتیشور پجاراصرف ایک رن پر سڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے وہ امپائر علیم ڈار کے فیصلے پر خوش دکھائی نہیں دیے،سچن ٹنڈولکر 37 رنز بناکر اسمتھ کا شکار ہوگئے، مرلی وجے کو 153 کے انفرادی اسکور پر مچل اسٹارک نے ایل بی ڈبلیو کیا، ویرت کوہلی 67 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ سڈل نے 5 اور اسٹارک دو وکٹیں لیں۔