معاشرتی و معاشی ترقی میں امریکا نے اہم کردار ادا کیا گورنر سندھ

میرٹ کے لحاظ سے مستحق طلبا کی کامیابیوں پر خوشی ہے، مائیکل ڈوڈمین.


Staff Reporter March 19, 2013
امریکی حکام اور ایچ ای سی کا غیر متزلزل عزم حکومت کے ان مقاصد کے حصول میں نہایت سود مند ثابت ہوا ہے، گورنر سندھ . فوٹو فائل

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کی معاشرتی و معاشی ترقی بشمول صحت، تعلیم، زراعت اور معیشت ومالیات کے شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

حکومت نے تعلیم کے مواقع ہرگھرکی دہلیزتک پہنچانے کی کوشش جاری رکھی ہے، امریکی حکام اور ایچ ای سی کا غیر متزلزل عزم حکومت کے ان مقاصد کے حصول میں نہایت سود مند ثابت ہوا ہے، یہ بات انھوں نے گورنرہاؤس میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور یو ایس ایڈکے زیر اہتمام سندھ سے تعلق رکھنے والے میرٹ اسکالرشپ ہولڈر طلبہ و طالبات کی المنائی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔



اس تقریب کا مقصد یو ایس ایڈ اور ایچ ای سی کے کامیاب اشتراکی عمل کی یاد منانا تھا جس کے ذریعے سندھ کے چار اعلیٰ تعلیمی اداروں کے 550 سے زائدطلبا نے استعفادہ حاصل کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر سکالرشپ پروگرام کے تحت550سے زیادہ سکالرشپ دینا ایک اہم کامیابی ہے۔

امریکی قونسلیٹ جنرل کراچی مائیکل ڈوڈمین نے صوبہ سندھ سے میرٹ اور مالیاتی لحاظ سے مستحق طلبا کی خصوصی کامیابیوں کے حصول پر مسرت کا اظہار کیا، انھوں نے کہا امریکا بھرپور طور پر یہ ادراک رکھتا ہے کہ حکومت پاکستان کو شامل کرکے ایک مربوط اور باہمی کوشش پاکستان کے عوام کی بہتر طرز حیات کے لیے معاون ثابت ہو گی، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر جاوید لغاری نے کہا کہ اعلی تعلیم تک مساویانہ رسائی کیلیے بہت سے اہم پروگراموں پر عملدرآمدمیں مصروف ہیں۔