پروفیسر سبط جعفر کے قتل کیخلاف 3روزہ سوگ کا اعلان

قاتلوں کو گرفتارکیا جائے، ساجد نقوی اور دیگر،اساتذہ آج ہڑتال کرینگے.


Staff Reporter March 19, 2013
قاتلوں کو گرفتارکیا جائے، ساجد نقوی اور دیگر،اساتذہ آج ہڑتال کرینگے. فوٹو: فائل

مختلف شیعہ تنظیموں نے پروفیسر سبط جعفر زیدی کے قتل کیخلاف 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

جبکہ سپلا اور سندھ ٹیچرز فورم نے بھی آج کراچی سمیت سندھ بھرکے سرکاری کالجوں میں ہڑتال کااعلان کیا ہے،قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے معروف سوزخوان استاد پروفیسر سبط جعفر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انھیں عبرتناک سزا دی جائے۔

شیعہ علما کونسل کراچی کے صدر علامہ جعفرسبحانی نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر سبط جعفر کے جنازے کے موقع پر انچولی سوسائٹی سے وادی حسین قبرستان تک سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں،جعفریہ الائنس کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی، مولانا حسین مسعودی، مولانا عون نقوی، مولانا اکرام حسین ترمذی، علامہ ناصر عباس جعفری و دیگر نے کہا کہ پروفیسر سبط جعفر زیدی کی شخصیت تمام ادبی ، سماجی اور علمی حلقوں میں قابل احترام تھی، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کا احتجاجی اجتماع مولانا مرزا یوسف حسین کی صدارت میں ہوا جس میں منگل کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا۔



عالم دین مولانا محمد عون نقوی نے پروفیسر سبط جعفر زیدی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا،علاوہ ازیں سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن(سپلا) نے آج(منگل کو) کراچی سمیت سندھ بھرکے سرکاری کالجوں میں ہڑتال کااعلان کیاہے،سندھ ٹیچرزفورم کے رہنماپروفیسرعزیزمدنی نے بھی آج سرکاری کالجوں کوبند رکھنے اورپروفیسرسبط جعفرکے قتل پرتین روزہ سوگ کااعلان کیاہے۔

تعلیم بچاؤ کمیٹی کے رہنماانیس الرحمٰن اورعبدالرحمٰن اورتنظیم اساتذہ پاکستان کراچی ریجن کے صدر پروفیسر مظہر حسین نے بھی دہشت گردی کے واقعہ پراحتجاج کیاہے۔