نارتھ ناظم آباد گارڈ اور اسکے ساتھیوں نے بینک سے38 لاکھ لوٹ لیے

ملزمان نے بینک سے 38 لاکھ سے زائد رقم لوٹی اور موٹر سائیکلوں پر باآسانی فرار ہوگئے۔


Staff Reporter March 20, 2013
ملزمان نے بینک سے 38 لاکھ سے زائد رقم لوٹی اور موٹر سائیکلوں پر باآسانی فرار ہوگئے۔ فوٹو: فائل

نارتھ ناظم آباد میں سیکیورٹی گارڈ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بینک کا صفایا کردیا ۔

ملزم ایک روز قبل ہی بینک پر تعینات کیا گیا تھا ، ساتھیوں کے ہمراہ 38 لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگیا جبکہ ملزمان سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اپنے ہمراہ لے گئے ، حیرت انگیز طور پر ملزمان 15 منٹ تک بینک میں موجود رہے لیکن اس دوران بینک میں موجود عملہ الارم نہیں بجا سکا ۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک A میں بورڈ آفس چورنگی کے قریب گزشتہ روز میزان بینک میں سیکیورٹی گارڈ نے ساتھیوں کے ہمراہ بینک کا صفایا کردیا ، ملزم ایک روز قبل ہی بینک میں تعینات جبکہ 6 ماہ قبل سیکیورٹی کمپنی میں بھرتی ہوا تھا ، گزشتہ روز دوپہر میں 6 ملزمان بینک میں داخل ہوئے اورعملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بنالیا ۔



ملزمان نے بینک سے 38 لاکھ سے زائد رقم لوٹی اور موٹر سائیکلوں پر باآسانی فرار ہوگئے ، ملزمان جاتے ہوئے اپنے ہمراہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی لے گئے ، ملزمان 15 منٹ تک بینک میں موجود رہے لیکن منیجر سمیت عملے کا کوئی بھی رکن الارم نہیں بجاسکا جس کی وجہ سے پولیس موقع پر فوری طور پر نہیں پہنچ سکی۔

نارتھ ناظم آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 70/13 بینک منیجر محمد علی نظام کی مدعیت میں درج کرلیا ہے ، ایف آئی آر کے مطابق بینک کے سیکیورٹی گارڈ اور 6 ملزمان بینک سے 38 لاکھ 3 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔