خصوصی ٹیموں کوٹارگٹ کلنگزکی تفتیش کا ٹاسک دیا جائے آئی جی

پرانی موٹر سائیکلوں پر معیاری نمبر پلیٹس کی تنصیب یقینی بنائی جائے، آئی جی سندھ


Staff Reporter March 20, 2013
آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہیلمٹس کے حوالے سے شہریوں اور دکانداروں کو اعتماد میں لیا جائے۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے کہا ہے کہ زونل ڈی آئی جیز کی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر انھیں ٹارگٹ کلنگز کے مقدمات کی تفتیش کا ٹاسک دیا جائے۔

شہر میں موٹر سائیکل سواری کے دوران رنگین فیس کور کے ہیلمٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی جا رہی ہے، رپورٹس کے مطابق جرائم پیشہ افراد ایسے ہیلمٹس کا استعمال کرتے ہوئے جائے واردات سے با آسانی فرار ہو جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران آئی جی سندھ غلام شبیر شیخ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہیلمٹس کے حوالے سے شہریوں اور دکانداروں کو اعتماد میں لیا جائے اور باقاعدہ ایک ہفتے پر مشتمل آگاہی مہم چلانے کے بعد اس قسم کے ہیلمٹس کے استعمال پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گاڑیوں میں غیر قانونی طور نصب بلیو لائٹس، رنگین شیشوں اور غیر معیاری نمبر پلیٹس کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے، بالخصوص پرانی موٹر سائیکلوں پر معیاری نمبر پلیٹس کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔