سیکیورٹی ادارے اپنا کام احسن طریقے سے کر رہے ہیںگورنر سندھ

سی پی ایل سی کا تعاون کراچی سمیت دیگر شہروں میں جرائم کیخلاف مدد گار ثابت ہوا ہے


Staff Reporter March 20, 2013
دہشت گرد وں کی کمر ٹوٹ رہی ہے، اسلیے مذموم کارروائیاں کررہے ہیں،گورنر ہاؤس میں خطاب فوٹو فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

تاہم سیکیورٹی ادارے اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ منگل کوگورنر ہاؤس کراچی میں سی پی ایل سی رپورٹنگ سیل حیدرآباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سی پی ایل سی کا تعاون کراچی سمیت دوسرے شہروں میں جرائم کی نشاندہی کرنے میں انتہائی مدد گار ثابت ہوا ہے جب کہ مشکل سے مشکل کیسز حل کرنے میں بھی سی پی ایل سی کی خدمات حاصل کی گئیں ۔



 

انھوں نے کہا کہ سی پی ایل سی میں مختلف نوعیت کے جرائم اور ایف آئی آر کا مربوط ڈیٹا موجود ہے۔ گورنر نے کہا کہ دہشت گرد وں کی کمر ٹوٹ رہی ہے اس لیے وہ مذموم اور بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسے ہر موقع پر علما، سول سوسائٹی اور سیاست دانوں نے مل کر حالات مزید بگڑنے سے بچائے۔

انھوں نے کہا کہ عباس ٹاؤن دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے حکمت عملی بنائی اور دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن شروع کیا۔ اس دوران متعدد جرائم پیشہ عناصر دہشت گرد گروہ گرفت میں لائے گئے ۔تقریب میں سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے نے اپنے ادارے کے بارے میں تفصیلات بتائیں ۔ بعد ازاں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے سی پی ایل سی حیدرآباد کا افتتاح کیا۔