نئی نمبرپلیٹ نہ ہونے پرموٹرسائیکل سواروں سے’’پولیس وصولی‘‘شروع

پولیس اہلکار رقم لیتے ہیں نہ دینے پرٹریفک پولیس کے حوالے کردیتے ہیں،شہری۔


Staff Reporter March 22, 2013
پولیس اہلکار رقم لیتے ہیں نہ دینے پرٹریفک پولیس کے حوالے کردیتے ہیں،شہری۔ فوٹو: نور/فائل

شہر میں موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کیے جانے کی مہلت ختم ہونے سے قبل ہی پولیس روایتی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ۔

پرانی موٹر سائیکلوں پر نئی نمبر پلیٹ نہ لگی ہونے پر پولیس نے شہریوں سے رقم بٹورنا اور انھیں حراساں کرنا شروع کردیا ، تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل کی نئی سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کی مہلت ختم ہونے سے قبل ہی پولیس روایتی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ۔

شہر کے ہر علاقے اور تمام اہم شاہراہوں پر دفاتر اور ضروری کاموں سے جانے والے شہریوں کو روک کر نئی نمبر پلیٹ نہ لگی ہونے پر رقم بٹورنا شروع کردی ہے جس کے باعث شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور اعلیٰ پولیس افسران سے پیسے لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



شہریوں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کو موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کرانے کے بجائے موٹرسائیکل کے کاغذات نام کرائے جانے کی ہدایت کرنی چاہیے تھی جس سے کچھ تو فائدہ ہوتا ، جو دہشت گرد موٹر سائیکل یا گاڑیاں خرید سکتا ہے اور 300روپے کی نمبر پلیٹ کیوں نہیں خرید سکتا۔

انھوں نے کہا کہ نئی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کے حوالے سے پولیس کو شہریوں کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے اورپولیس اہلکار شہر کی کسی بھی سڑک پر کھڑے ہوکر ڈرائیونگ لائسنس اور موٹر سائیکل کے دستاویزات مکمل ہونے کے باجود روک لیتے ہیں اور انہیں ان سے رقم بٹور کر چھوڑ دیتے ہیں یا پھر ٹریفک پولیس کے حوالے کردیتے ہیں اور ٹریفک پولیس ان کا چالان کردیتی ہے ۔