فیس بک نے نیوز فیڈ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 12 جنوری 2018
کمپنیوں اور میڈیا کی خبروں کو غیر اہم کرکے دوستوں کی گفتگو اور پوسٹس کو زیادہ نمایاں کرکے پیش کیا جائے گا فوٹو: فائل

کمپنیوں اور میڈیا کی خبروں کو غیر اہم کرکے دوستوں کی گفتگو اور پوسٹس کو زیادہ نمایاں کرکے پیش کیا جائے گا فوٹو: فائل

نیویارک: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی نیوز فیڈ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ اب کاروبار، کمپنیوں اور میڈیا کی خبروں کو غیر اہم کرکے اہل خانہ اور دوستوں کے درمیان ہونے والی گفتگو اور پوسٹس کو زیادہ نمایاں کرکے پیش کیا جائے گا۔ فیس بک نے کہا ہوسکتا ہے کہ شاید یہ تبدیلیاں صارفین کو پسند نہ آئیں اور ممکن ہے کہ اس کے نتیجے میں فیس بک کی مقبولیت بھی کم ہوجائے تاہم فیصلہ حتمی ہے اور اگلے چند ہفتوں سے نئی تبدیلیوں پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

مارک زکربرگ نے اس فیصلے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صارفین کی شکایت پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے، صارفین نے فیس بک سے کہا کہ کمپنیوں، مصنوعات اور میڈیا کی خبروں کی بھرمار میں دوستوں اور اہل خانہ کی ذاتی زندگی سے متعلق پوسٹس کھو جاتی ہیں اور لوگ انہیں دیکھ نہیں پاتے، جس کی وجہ سے رابطوں میں کمی آجاتی ہے، لہذا فیس بک انتظامیہ نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے تجارتی پوسٹس کو غیر نمایاں کرنے اور کم سے کم دکھانے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ اگر کسی عوامی پوسٹ کو پروموٹ کیا گیا تو وہ ایسی ہوگی جو لوگوں میں رابطے کو فروغ دینا کا ذریعہ بنے۔

واضح رہے کہ فیس بک نے پہلے سے ہی نیوز فیڈز میں کاروباری و میڈیا اداروں کی پوسٹس کو دکھانے کا سلسلہ کم سے کم کردیا ہے جب کہ نئے اقدامات کے نتیجے میں یہ پوسٹس مزید کم ہوجائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔