بجلی کی آنکھ مچولی 72انچ قطر کی فراہمی آب کی لائن پھٹ گئی

قلت آب کے خلاف ہاکس بے روڈ پرشہریوںکا احتجاج،پانی کی فراہمی کامطالبہ


Staff Reporter August 08, 2012
قلت آب کے خلاف ہاکس بے روڈ پرشہریوںکا احتجاج،پانی کی فراہمی کامطالبہ

ISLAMABAD: کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی تنصیبات پر بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث منگل کی صبح دھابیجی کے مقام پر 72 انچ قطر کی فراہمی آب کی لائن پھٹ گئی جس کے باعث شہرمیں 3 کروڑ 50لاکھ گیلن پانی کم فراہم کیا گیا، ڈیڑھ گھنٹے بعد متبادل لائن سے پانی کی فراہمی کو بحال کردیا گیا۔

دریں اثنا ماڑی پور،کاکا ولیج ،مشرف کالونی،نیول کالونی اور پانچ سوکوارٹرز سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے مکین پانی کی عدم فراہمی کے باعث ہاکس بے روڈ پر نکل آئے اور احتجاج کیا ، مظاہرین نے بتایا کہ ان کے علاقے میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے پانی کی فراہمی بند ہے ، انھوں نے متعدد مرتبہ واٹر بورڈ کے حکام کو مطلع کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوگئی، گھریلو زندگی شدید متا ثر ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ دور دراز کے علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہوگئے، گھروں میں خواتین، بچوں اورخصوصاً ضعیف العمر افراد کومشکلات کا سامنا ہے،رمضان المبارک کے موقع پر بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے وہ دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں ،اس موقع پر مظاہرین نے ہاکس بے روڈ پر شدید احتجاج کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان کے علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق لائی جائے۔

اس موقع پر ہاکس بے روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،پولیس کا کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ انھوں نے واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کیا لیکن انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا،بالآخر پولیس نے ہی مذاکرات کے بعد مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا۔