آتشزدگی کے متاثرین کی امداد نہ کرنے پر سبزی منڈی بند کرنے کا اعلان

15 دن بعد ملک بھر کی 150 مارکیٹیں بند کردینگے، عبدالرزاق،ملک سوہنی


Business Reporter March 23, 2013
حاجی عبدالرزاق نے کہا کہ محکموں کو متاثرین کی فہرست ودیگر تفصیلات بھی ارسال کی گئیں لیکن حکومت کی جانب سے بیوپاریوں کے تعاون کا تاحال مثبت جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ فوٹو: فائل

آل پاکستان ایگریکلچرل پروڈیوس ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر ملک سوہنی نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے سبزی منڈی میں آتشزدگی کے256 متاثرین کی بحالی اور جلنے والی1100 دکانوں وگوداموں کی تعمیر میں آئندہ 15 روز میں معاونت نہ کرنے کی صورت میں ملک بھر کی150 سبزی، فروٹ، غلہ اوردیگرمنڈیاں بطور احتجاج بند کردی جائیں گی۔

یہ بات انھوں نے جمعہ کو پریس کلب میں سبزی منڈی کے رہنماؤں حاجی عبدالرزاق ، بہرام خان، زاہداعوان ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی، ملک سوہنی نے کہا کہ سبزی منڈی میں 6 مارچ کو آگ لگی نہیں تھی بلکہ آگ لگائی گئی ہے جس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور نقصانات کا ازالہ حکومت کا فرض ہے۔

بدقسمتی سے اس سانحہ کو16 دن گزرنے کے باوجود صوبائی حکومت اور محکمہ زراعت کے کسی بھی ذمے دار نے منڈی کا دورہ تک نہیں کیا ہے حالانکہ اسی سبزی وفروٹ منڈی سے حکومت سالانہ کروڑوں روپے مالیت کی آمدنی حاصل کررہی ہے۔

مذکورہ سانحے کے بعد مارکیٹ کمیٹی نے منڈی میں بارہ دانہ، خالی کریٹس اور سائیکل رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کرکے منڈی کے اسٹیک ہولڈرز کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے،حاجی عبدالرزاق نے کہا کہ محکموں کو متاثرین کی فہرست ودیگر تفصیلات بھی ارسال کی گئیں لیکن حکومت کی جانب سے بیوپاریوں کے تعاون کا تاحال مثبت جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

جس کی وجہ سے منڈی کے متاثرہ بیوپاریوں میں اب حکومت اور متعلقہ محکموں کے خلاف اشتعال میں شدت آگئی ہے ، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ 15 روز میں منڈی کے متاثرین کی بحالی اور انہیں معاوضے کی ادائیگیوں کا بندوبست کرے بصورت دیگر تمام بیوپاری منڈی کو بند کرنے پر مجبور ہوجائینگے۔