شاہ رخ کا فراراعانت جرم میں ملوث 2 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

ایف آئی آر میں نام درج نہیں تھے،گواہوں نے انھیں واقعے میں ملوث نہیں کیا، وکیل صفائی


Staff Reporter March 23, 2013
ایف آئی آر میں نام درج نہیں تھے،گواہوں نے انھیں واقعے میں ملوث نہیں کیا، وکیل صفائی فوٹو: فائل

PESHAWAR: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے شاہ رخ جتوئی کو بیرون ملک فرار کرانے میں جعلی دستاویزات فراہم کرنے اسکی مدد اور اعانت جرم میں ملوث غیرملکی ایئرلائن کے ملازم محمد طحہ حسین اور فضل ربی ٹریول ایجنسی کے ملازم محمد سہیل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔

قبل ازیں وکیل صفائی محمد ادریس ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے ایف آئی آر تاخیر سے درج کی تھی جس میں انکے موکل کے نام درج نہیں تھے، عبوری ضمانت میں استغاثہ کے دس گواہوں کے بیانات میں بھی کسی گواہ نے ان کے موکل کو واقعے میں ملوث نہیں کیا تھا انکے موکل بے گناہ ہیں ،ضمانت پررہا کرنے کی استدعاہے۔



ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزم طحہ نے غیرقانونی سہولت فراہم کی اورامیگریشن کرائے بغیرجعلی بورڈنگ کارڈکے ذریعے ملزم شاہ رخ کو بیرون ملک فرارکرانے میں مدد کی تھی ، جبکہ سہیل نے اپنی ٹریول ایجنسی سے ملزم کا تبدیل کرکے اصل دستاویزات کو چھپاتے ہوئے ٹکٹ جاری کرائے، ملزمان کے خلاف تمام شواہد موجود ہیں اور حتمی چالان بھی جمع کرادیا ہے ملزمان ضمانت کے مستحق نہیں ہیں فاضل عدالت نے وکیل سرکارکے دلائل سننے کے بعددرخواست ضمانت مسترد کردی۔