شمالی یورپ میں شدید طوفان سے نظامِ زندگی مفلوج، 8 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جنوری 2018
شمالی یورپ میں چلنے والی تندوتیز ہواؤں کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، محکمہ موسمیات : فوٹو : فائل

شمالی یورپ میں چلنے والی تندوتیز ہواؤں کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، محکمہ موسمیات : فوٹو : فائل

برلن: شمالی یورپ کے ممالک میں آنے والے والے شدید طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا جب کہ مختلف واقعات میں اب تک 8 افراد ہلاک اور درجنوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی یورپ کےمختلف ممالک شدید طوفان کی زد میں ہیں اور اب تک تیز ہواؤں کے باعث ہونے والے سانحات میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی یورپ میں چلنے والی تند و تیز ہواؤں کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، اور یہ طوفان جرمنی سے  پولینڈ تک پہنچ جائے گا۔ شمالی یورپ میں آنے والے طوفان کی وجہ سے برطانیہ میں بھی تیز اور سرد ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث درخت گرگئے اور درجنوں علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلپائن میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 200 ہوگئی

تیز ہواؤں کے باعث جرمنی اور نیدر لینڈ کی سڑکوں پر لگے درخت گر گئے ہیں اور مکانوں کی چھتیں اڑگئیں،  جس کے باعث مختلف حادثات پیش آئے اور متعدد افراد کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ جرمنی میں ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، ڈچ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کو بجلی فراہم کرنے والی پاور لائنز پر درخت گر گئے ہیں۔ دوسری جانب نیدرلینڈ میں 300 پروازیں منسوخ ہوچکی ہے، محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ سردی بڑھنے کے سبب اسکول بھی بند ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: امریکا میں سمندری طوفان سے ہلاکتیں 47 ہوگئیں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔