ڈیفنس موٹر سائیکل نہ روکنے پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک
ہلاک ہونیوالا نوجوان ملزم ہے، مقابلے میں مارا گیا، پولیس کادعویٰ، مقتول کے اہلخانہ اور دوستوں نے پولیس کے دعویٰ کو۔۔۔
احمد علی کی یادگارتصویر۔ فوٹو : ایکسپریس
KARACHI:
ڈیفنس پولیس نے موٹر سائیکل نہ روکنے پر نوجوان کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا نوجوان ملزم ہے اور پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا ہے جبکہ مقتول نوجوان کے اہلخانہ اور دوستوں نے پولیس کے دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے پولیس گردی قرار دے دیا، تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ڈیفنس فیز 2 میں پولیس نے موٹر سائیکل نہ روکنے پر فیز 2 ایکسٹینشن 24 کمرشل اسٹریٹ کے رہائشی 23 سالہ نوجوان احمد علی ولد شہزاد عالم کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جس کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے ہلاک ہونے والا نوجوان ملزم ہے اور پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا ہے جبکہ مقتول نوجوان کے بھائی دانش اور دوستوں نے ڈیفنس پولیس کے دعوے کو یکسر مسترد کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ مقتول احمد علی جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ساڑھے 3 بجے تک دوستوں کے ہمراہ قریب واقع ہوٹل کی چھت پر کارڈز کھیل رہا تھا جس کے بعد احمد گھر جانے کے لیے نکلا تو یہ سانحہ پیش آگیا، انھوں نے کہا کہ احمد کے پاس کسی قسم کا کوئی اسلحہ نہیں تھا اور نہ ہی احمد اسلحہ استعمال کرنا جانتا ہے۔
اسے پولیس گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے، مقتول نوجوان کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز 2 میں واقع جامع مسجد حافظ ایاز میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں مقتول کے اہلخانہ، دوست احباب اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے، مقتول کی میت کو نارتھ کراچی میں انڈا موڑ قبرستان لے جایا گیا جہاں اس کی تدفین کردی گئی، مقتول کے بڑے بھائی دانش نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول احمد5 بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھا اور بحیثیت سیلز مین ملازمت کرتا تھا، مقتول کے اہلخانہ اور دوستوں کا کہنا ہے کہ احمد کو نہ حق قتل کیا گیا ہے اور وہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انھیں انصاف فراہم کیا جائے۔

جعلی پولیس مقابلہ کرنے والے ڈیفنس پولیس کے اہلکاروں کو فوری گرفتار کر کے ان کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے، دوسری جانب ڈیفنس پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ڈیفنس موڑ پر پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سوار 2 مشکوک افراد کو روکا تو انھوں نے فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، ڈیفنس پولیس کے مطابق فوری طور پر ملزمان کا تعاقب کیا گیا اور فیز4 میں پولیس نے ملزمان کو گھیرلیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر KDL-5410 برآمد کرلی، ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی ، بعدازاں ڈاکو کی شناخت احمد ولد شہزاد عالم کے نام سے کرلی گئی جوکہ ڈیفنس فیز 2 کا رہائشی تھا، ڈیفنس پولیس کا کہنا ہے کہ احمد پر اس سے قبل ڈکیتی اور ناجائز اسلحے کے متعدد مقدمات تھے اور وہ پولیس کو مطلوب تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔