انگلینڈ کنیریا کو گھیرنے کیلیے ویسٹ فیلڈ کی منتیں کرنے لگا

اپیل کی سماعت میں شرکت پرراضی کرنے کیلیے سزاکم کرنے کی لالچ دے دی.


Sports Desk March 24, 2013
ناکامی پر 22 اپریل کوکورٹ کی مدد سے اپیلٹ ٹریبونل کے سامنے پیش کیاجائے گا۔ فوٹو: فائل

انگلش بورڈ دانش کنیریا کو گھیرنے کیلیے میرون ویسٹ فیلڈ کی منتیں کرنے لگا۔

لیگ اسپنر کی تاحیات پابندی کے خلاف اپیل کی سماعت میں شرکت پر راضی کرنے کیلیے سزا کم کرنے کی بھی لالچ دے دی، کرکٹ کو کرپشن سے صاف کرنے کے واسطے دینا بھی جاری ہیں، ناکامی کی صورت میں کورٹ کی مدد سے 22 اپریل کو اپیلٹ ٹریبونل کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے میرون ویسٹ فیلڈ کی گواہی کی بنیاد پر پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا پر تاحیات پابندی کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کردیا تھا، ساتھ میں ڈسپلنری پینل نے بولر کو جھوٹا اور کرکٹ کیلیے بہت بڑے خطرے جیسے القابات سے بھی نوازا۔

انھوں نے فیصلے کیخلاف اپیل کردی جسکی سماعت کیلیے پہلے دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی،مگر بنیادی گواہ ویسٹفیلڈ کے حاضر نہ ہونے کی وجہ سے سماعت کو 22 اپریل تک ملتوی کردیا گیا۔ کنیریا کے وکلا پہلے ہی واضح کرچکے کہ اپیل کی سماعت کے موقع پر گواہ ویسٹ فیلڈ کا ہونا ضروری ہے جس نے اپنی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا ملبہ کنیریا پر ڈال دیا تھا، مگر اب وہ خود دوبارہ سماعت کیلیے پیش ہونے کو تیار نہیں۔

3

انگلش بورڈ سماعت میں شرکت یقینی بنانے کیلیے ان کی منتیں کرنے لگا جبکہ ان کو کھیل کو کرپشن سے صاف کرنے کے واسطے دیے جارہے ہیں، ای سی بی نے اپنے اہم آفیشلز کی ذمہ داری بھی لگائی کہ وہ ویسٹ فیلڈ کو دوبارہ گواہی کیلیے پیش ہونے پر راضی کریں کیونکہ اگر وہ نہیں آئے تو پھر کنیریا کیخلاف کوئی اورثبوت نہیں ہوگا اور اپیلٹ ٹریبونل کو انھیں چھوڑنا پڑیگا، اس صورت میں ای سی بی کو کنیریا کی شہرت کو داغدار کرنے کے جرم میں قانونی کارروائی کا سامنا اور لیگ اسپنر کو ہرجانے کے طور پر لاکھوں پائونڈ بھی دینا پڑینگے۔

واضح رہے کہ ڈسپلنری ٹریبونل نے کنیریا کیساتھ ویسٹ فیلڈ پر بھی پانچ برس پابندی عائد کردی تھی،انھیں تین برس تک کلب کرکٹ کھیلنے سے بھی روک دیا گیا تھا، بعض لوگوں کے نزدیک یہ سزا بھی سخت ہے اس لیے ای سی بی کی جانب سے ویسٹ فیلڈ کو لالچ دی جائیگی کہ اگر انھوں نے دوبارہ گواہی دے دی تو ان کی سزا کم بھی ہوسکتی ہے۔ اگر بورڈ کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں تب وہ ویسٹ فیلڈ کی شرکت یقینی بنانے کیلیے عدالت سے آرڈر حاصل کرے گا۔