پاکستان کا 24 ممالک کے سیاحوں کوملک میں داخلے کے وقت ویزا دینے کا فیصلہ

ویزے کی سہولت صرف گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کے لئے ہوگی


ویب ڈیسک January 20, 2018
ویزے کی سہولت صرف گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کے لئے ہوگی۔ : فوٹو : فائل

پاکستان نے امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا کے 24 ممالک کے سیاحوں کو ملک میں داخلے کے بعد 30 دن کا ویزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے دنیا بھر کے 24 ممالک کے سیاحوں کو ملک میں داخلے کے لئے ویزا دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پاکستان امیگریشن حکام اور ایف آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اشتہار کے مطابق یہ سہولت صرف گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کے لئے ہوگی۔

اشتہار کے مطابق سیاحت کے ویزے کے لئے امیگریشن و ویزہ اہلکار سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں جب کہ پاکستان میں تفریحی دورے کروانے والے ادارے بھی ویزے دینے کے مجاز ہیں۔ تاہم ٹور آپریٹر سیاحوں کے لیے مطلوبہ دستاویزات ایف آئی اے کو فراہم کرے گا۔

امیگریشن اور اے آئی اے کی جانب سے جن ممالک کے سیاحوں کو یہ سہولت دی گئی ہے ان میں امریکا، آسٹریلیا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا، بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، یونان، آئس لینڈ، اٹلی، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، لگزمبرگ، نیدر لینڈز، ناروے، پرتگال، سنگاپور،ا سپین، سویڈن اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔