23 مارچ مسلمانان ہند کیلیے بانگ درا ہے انوار احمد زئی

بھارت نے پہلے آئین بنا کر نام انڈیارکھ لیا، ہم نے 1956میں آئین بنایا.


Staff Reporter March 24, 2013
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈانوار احمد زئی نجی اسکول کے پری پرائمری سیکشن کاافتتاح کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ23 مارچ مسلمانان ہندکے لیے بانگ درا ہے۔

اس روز قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیرکے بکھرے ہوئے مسلمانوں کوقرارداد لاہورکے ذریعے یکجاکیا اور اسی کے نتیجے میں خداد اد مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان وجود میں آیا، وہ میک وے ایجوکیشنل گروپ کے زیر اہتمام میک وے گرامر اسکول پری پرائمری سیکشن کاافتتاح اور23 مارچ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر سینئر صحافی سعید خاور، میک وے ایجوکیشنل گروپ کے سربراہ مکرم حسین صدیقی، محمد طلحہ صدیقی، اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، پروفیسرانوار احمد زئی نے کہا کہ23 مارچ کی قرارداد لاہور جو اب قرارداد پاکستان ہے کے ذریعے ہندودستان کی تقسیم ہو کر 2 ریاستیں بنیں لیکن بھارت نے پہلے آئین تیارکرکے بھارت کا نام انڈیا رکھ دیا۔



ہم نے 23 مارچ 1956کوپہلا آئین بنایا اور23 مارچ1958 تک یوم اسلامی جمہوریہ پاکستان مناتے رہے لیکن پہلے مارشل لا کے بعداسلامی جمہوریہ نکل گیا اور یوم پاکستان رہ گیا جوہم اب تک منارہے ہیں، نئی نسل کوتاریخ سے روشناس کرانا بے حد ضروری ہے، انھوں نے کہاکہ جامعہ الازہر سے لیکر میک وے گرامر اسکول تک تاریخ اسلام میں نجی تعلیمی اداروںکااہم کرداررہا ہے، 1970 کی دہائی میں نیشنلائز پالیسی کے بعد 1984 میں پھر یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیم کے شعبے میں کردار سے انکارنہیں کیاجاسکتا۔

اسی لیے حکومت نے میٹرک تک مفت تعلیم اورنجی تعلیمی اداروں کے لیے بل پاس کیا ہے جس کے تحت وہ10فیصد بچوںکومفت تعلیم دینے کے پابند ہوں گے ، انھوں نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروںکاکردارقابل ستائش ہے، میک وے گرامراسکول کا پری پرائمری سیکشن ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگا۔

اس موقع پرصحافی سعید خاور نے کہاکہ آج کا دن قومی تاریخ کا اہم ترین دن ہے1940 کواسی روز قرارداد لاہور پاس ہوئی تھی جس کے نتیجے میں مملکت خدا داد پاکستان وجود میں آیا، خوش آئند بات یہ بھی ہے کہ پہلی مرتبہ کسی جمہوری حکومت نے اپنے 5 سال مکمل کرلیے ہیں اور نئے انتخابات ہونے جارہے ہیں، میک وے ایجوکیشنل گروپ کے سربراہ مکرم حسین صدیقی نے کہا کہ ہم تعلیم کے شعبے میں ایک مشن کے تحت کام کررہے ہیں، ہمارا مقصد جہالت کے اندھیروں کودورکرکے علم کی روشنی پھیلانا ہے۔