جنوبی افریقہ کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے مصباح الحق

اس وکٹ پر 250رنز بنانے چاہیے تھے ، کیچز ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، قومی کپتان.


Sports Desk March 25, 2013
اس وکٹ پر 250رنز بنانے چاہیے تھے ، کیچز ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، قومی کپتان۔ فوٹو: فائل

کپتان مصباح الحق نے کا کہنا ہے کہ خراب شارٹ سلیکشن کی وجہ سے بڑا ہدف نہیں دے پائے۔

اس پچ پر 250 تک رنز بننے چاہیے تھے، کیچز ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، عرفان خان نے پوری سیریز میں بہتر ثابت ہوئے، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں آخری ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ میرے خیال میں یہ 250 رنز والی پچ تھی اور جس طرح ہم نے آغاز کیا یہ اسکور بن بھی سکتا تھا مگر اہم مواقع پر ہم خراب شاٹ سلیکشن کی وجہ سے وکٹیں کھو بیٹھے، جنوبی افریقی ٹیم بہت اچھا کھیلی، ہم نے بھی اچھی پارٹنر شپ بنائیں مگر ان میں سے ایک کو مزید دس اوورز کھیلنے کی ضرورت تھی۔

1

ابراہم ڈی ویلیئرز کے یونس خان کے ہاتھوں ڈراپ ہونے والے کیچ کے بارے میں مصباح نے کہا کہ ایسی چیزیں کرکٹ میں ہوتی رہتی ہیں، عرفان نے پوری سیریز میں اچھی بولنگ کی اور ہمیں اچھے مواقع فراہم کیے، انھیں اپنی فٹنس بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، سیریز کے دوران ٹیم نے بھی کچھ اعتماد حاصل کیا، ہمیں صرف اچھی کرکٹ کھیلنے اور مسابقتی رہنے کی ضرورت ہے، اگر ہم یہ آخری میچ جیت جاتے تو زیادہ لطف اندوز ہوتے مگر بہرحال یہ ایک اچھی سیریز تھی۔ دوسری جانب فاتح قائد ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، پاکستان ایک ورلڈ کلاس ٹیم اور مجھے یقین ہے کہ جلد ہی وہ رینکنگ میں اوپر آجائیں گے۔