آکلینڈ ٹیسٹ فتح کیویز کے دروازے پر دستک دینے لگی

ورلڈ ریکارڈ 481 رنزکے تعاقب میں انگلش ٹیم کی 90 پر 4 وکٹیں گرگئیں۔


Sports Desk March 26, 2013
آکلینڈ ٹیسٹ: سوئپ شاٹ کے ذریعے کیوی بیٹسمین پیٹر فلٹن کا چوکا، انگلش وکٹ کیپر میٹ پرائر بھی گیند کو باؤنڈری کے پار جاتا دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

آکلینڈ ٹیسٹ میں فتح کیویز کے دروازے پر دستک دینے لگی۔

ورلڈ ریکارڈ 481 رنز ہدف کے جواب میں انگلش ٹیم کی 90 پر 4 وکٹیں گرگئیں، اس سے قبل پیٹرفلٹن کی سنچری سے تقویت پاکر میزبان سائیڈ نے دوسری اننگز 241 رنز 6 وکٹوں پر ڈیکلیئرڈکی۔ تفصیلات کے مطابق سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی فتح کا امکان انتہائی روشن ہوگیا۔

پہلے دو میچز ڈرا ہونے کی وجہ سے کامیابی کی صورت میں سیریز بھی میزبان سائیڈ کے نام ہوجائیگی۔ انگلینڈ کو فتح کیلیے چوتھی اننگز میں 481 رنز کا ہدف ملا، ٹیسٹ تاریخ میں ابھی تک کوئی بھی ٹیم اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کرپائی،اس کے جواب میں چوتھے روز کے اختتام تک ٹیم نے 90 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔



اوپنر نک کامپٹن صرف دو رنز بناکر دوسرے اوور میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، جوناتھن ٹروٹ کو ویگنر نے 37 رنز پر وکٹ کیپر واٹلنگ کی مدد سے قابو کیا، کین ولیمسن کی گیند پر کپتان الیسٹر کک 43 رنز بناکر براؤنلی کا کیچ بنے، ان کو آغاز میں ہی چانس ملا تھا جب ایک رن پر کیچ ڈراپ ہوگیا، دن کا کھیل ختم ہونے سے چند لمحے قبل کین ولیمسن نے نائٹ واچ مین اسٹیون فن کوکوئی رن بنانے کی مہلت دیے بغیر ساؤتھی کا کیچ بنادیا، ای ین بیل 8 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 241 رنز 6 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، ٹیم نے 35 رنز تین وکٹ سے دن کا آغاز کیا، چوتھی وکٹ 82 رنز پر گری جب براؤنلی 28 رنز پر پنیسر کا شکار بن گئے،کیچ بیل نے تھاما، فلٹن نے مسلسل دوسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 110 رنز بنائے، انھیں فن نے جوئے روٹ کی مدد سے قابو کیا، جب واٹلنگ 18 رنز پر پنیسر کی دوسری وکٹ بنے تو نیوزی لینڈ نے اننگز ڈیکلیئرڈ کردی،برینڈن ٹیلر 67 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔