خاتون کی جانب سے مردہ قرار دیا جانے والا شوہر عدالت پہنچ گیا

سمیرا نے 2بیٹیاں حاصل کرنے کیلیے عدالت کو گمراہ اور خود کو بیوہ ظاہرکیا، محمد حسین


Staff Reporter February 02, 2018
عدالت نے سدرہ اور حفضہ کووالد کے حوالے کردیا، 2 لاکھ زرضمانت جمع کرانے کاحکم۔ فوٹو/ایکسپریس،فائل

KARACHI: خاتون کی جانب سے مردہ قرار دیا جانے والا شوہرعدالت پہنچ گیا جب کہ سول وفیملی جج نے لڑکیوں کو باپ کے حوالے کرتے ہوئے دو لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

ماں سمیرا نے اپنی دوبیٹیوں 15 سالہ سدر ہ اور 16 سالہ حفضہ کوبنگلے پرکام کرنے کیلیے چھوڑاتھاجس کے بعد اس نے اپنی بیٹیوں کو حوالے کرنے کامطالبہ کیا مگر بنگلے کے مالک نے خاتون کے برے کردار کے باعث اسے بیٹیاں واپس کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد خاتون سمیرا نے بیٹیوں کی حوالگی کے لیے عدالت میں درخواست دائرکی جس میں اس نے خود کو بیوہ ظاہر کیا تھا۔

عدالت نے خاتون کی درخواست پر دونوں بیٹیوں کووالدہ کے حوالے کردیا تھا تاہم گزشتہ روز خاتون کاشوہر محمد حسین عدالت پہنچ گیا جس پر عدالت حیرت زدہ رہ گئی۔

اس موقع پر محمد حسین نے عدالت کو بتایا کہ میرا انتقال نہیں ہوا ہے بلکہ میری بیوی نے بیٹیوں کو حاصل کرنے کے لیے عدالت سے جھوٹ بولاتھاکہ میں مر گیا ہوں، میں زندہ اورآپ کے سامنے ہوں۔

محمدحسین نے بتایا کہ میری بیوی سمیرانے مجھ سے نکاح لیے بغیردوسری شادی کر لی ہے اورخود کوبیوہ ظاہر کرکے اس نے عدالت کو گمراہ کیا ہے، سول وفیملی جج نے باپ کی درخواست پر دونوں بیٹیوں کو اس کے والدکے حوالے کردیا۔