اختلافات یا سیکیورٹی خدشات بلاول لندن چلے گئے

والد اور پھوپھی سے اختلاف ہوا، کہتے ہیں ووٹ بھی پی پی کو نہیں دوں گا، غیرملکی میڈیا


INP/staff Reporter March 27, 2013
بلاول کے مستقل بیرون ملک جانے کی اطلاعات میں صداقت نہیں، بختاور،آصفہ و دیگر کی تردید ۔ فوٹو : فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری ایک ہفتے کے نجی دورے پر برطانیہ پہنچ گئے۔

وہ2 یا 3 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے اور 4 اپریل کو لاڑکانہ میں ہونے والے جلسے میں شرکت کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے منگل کو ایکسپریس کوبتایا کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کے تمام تنظیمی معاملاتٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی مہم کے حوالے سے پارٹی کی مرکزی قیادت سے رابطے میں ہیں اور پارٹی میں تمام اہم فیصلے ان کی منظوری سے کیے جارہے ہیں۔ بلاول کے مستقل بیرون ملک جانے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، اس طرح کی خبریں پارٹی کے خلاف منفی پروپگنڈے کا حصہ ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری پارٹی کی انتخابی مہم کے بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے ۔آئی این پی کے مطابق برطانوی ویب سائٹ دی نیوز ٹرائب اور بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری بعض معاملات پر اپنے والد اور پھوپھی فریال تالپورسے شدید اختلافات کی وجہ سے ناراض ہوکر اچانک پاکستان سے لندن پہنچ گئے۔



انھوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیاہے کہ اگر میں نے ووٹ دیا تو پیپلزپارٹی کو بالکل نہیں دوں گا۔ دوسری جانبصدرمملکت کے قریبی ذرائع نے اختلافات کی سختی سے تردیدکرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کوبلاول کے ملک چھوڑنے کی بنیادی وجہ قرار دیاہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں نے عین انتخابات کے موقع پربلاول کے یوں لندن چلے جانے پرکہا ہے کہ یہ فیصلہ پیپلزپارٹی کیلیے بہت بڑادھچکا ثابت ہوسکتاہے۔ برطانوی نیوز ویب سائیٹ دی نیوز ٹرائب کی رپورٹ کے مطابق بلاول جنھیں حال ہی میں پیپلزپارٹی کا پیٹرن انچیف قرار دیا گیا تھا، کے صدر زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سے عسکریت پسندی، فرقہ وارانہ فسادات اور انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ بلاول نے 200 کے قریب پیپلزپارٹی کے ورکرز کے نام سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو دیتے ہوئے انھیں ملازمت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم فریال تالپور نے اس میں بھی مداخلت کی جس سے یہ تنازع مزید بڑھ گیا۔ دھر پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری دبئی ضرور گئے ہیں ، لیکن وہ جلد وطن واپس آئیں گے۔

صدر زرداری کی صاحبزادیوں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے بھائی بلاول اور والد کے درمیان اختلافات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کا حصہ ہوں گے لیکن قیادت نہیں کریں گے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں بلاول اور آصف علی زرداری کے درمیان اختلافات کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ بلاول اور ان کے والد کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، اختلافات کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔