سست وکٹ پر ’’سپر اسٹارز‘‘ چست کمزور بولنگ کے سامنے بیٹ میں جان پڑ گئی

قومی ٹوئنٹی20سپر8ٹورنامنٹ میں ملتان ٹائیگرز کیخلاف حفیظ کی سنچری،لاہور لائنز47رنز سے فتحیاب.


Sports Reporter March 28, 2013
قومی ٹوئنٹی 20 سپر ایٹ کرکٹ: لاہور لائنز کے احمد شہزاد، کامران ، عمر اکمل اور دیگر کھلاڑی ملتان ٹائیگرز سے میچ میں تھرڈ امپائر کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں ، ان کی ٹیم نے مقابلہ جیت لیا (فوٹو: ایکسپریس)

دورئہ جنوبی افریقہ میں ناکام رہنے والے ''سپراسٹارز'' سست وکٹ ملتے ہی چست ہو گئے،قومی ٹوئنٹی20 سپر 8 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کمزور بولنگ کے سامنے بیٹ میں جان پڑ گئی۔

محمد حفیظ نے ملتان ٹائیگرز کیخلاف ناقابل شکست 102رنز کی اننگز کھیل کر لاہور لائنز کو 47رنز سے فتحیاب کرا دیا، کپتان شعیب ملک نے نصف سنچری بنا کر سیالکوٹ اسٹالینز کو ایبٹ آباد فالکنز کے خلاف 5 وکٹ سے کامیابی دلائی، تیسرے میچ میں راولپنڈی ریمز نے کراچی ڈولفنز کو 8رنز سے شکست دی،انور علی کی 4وکٹیں اور محمد سمیع کے 17گیندوں پر 38 رنز ناکام ٹیم کے کام نہ آئے۔

یاسر عرفات نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق دورئہ جنوبی افریقہ میں 6ٹیسٹ اننگز اور 5ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 161رنز بنانے والے محمد حفیظ قومی ایونٹ میں بھرپور فارم میں نظر آئے،قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان ٹائیگرز کے بولرز کی درگت بناتے ہوئے64 گیندوں پر 102رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،اس میں 16چوکے اور 2چھکے شامل تھے، علی عظمت (29ناٹ آئوٹ) اور ناصر جمشید (26) بھی ٹیم کا اسکور 174تک پہنچانے کی مہم کا حصہ بنے۔

عمر اکمل5، احمد شہزاد2 اور کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے،راحت علی، رضوان حیدر اور صہیب مقصود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں ملتان ٹائیگرز کا آغاز خراب رہا اور24 پر 3وکٹیں گنوادیں، رمیز عالم کی مزاحمت کے 45رنز پر دم توڑجانے کے بعد کاشف نوید نے 37رنز بنائے، دیگر پلیئرز میں سے کوئی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا، پوری ٹیم 19.4اوورز میں127پر ڈھیر ہوگئی، وہاب ریاض، اعزاز چیمہ، ضیاء الحق اور عدنان رسول نے 2،2 جبکہ مین آف دی میچ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔



سیالکوٹ اسٹالینز نے ایبٹ آباد فالکنز کو 5 وکٹ سے مات دی، ٹاس جیت ایبٹ آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹ پر135رنز اسکور کیے، یاسر حمید نے43 اور حماد علی نے 30رنز بنائے، رضا حسن 3 ، رانا نوید2 جبکہ شعیب ملک اور عدیل ملک ایک،ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جواب میں سیالکوٹ نے بھی 18پر 3وکٹ گنوادیں مگر شعیب ملک نے اپنی 68رنز کی اننگز کے دوران عدیل ملک(36) کے ساتھ 89 رنز کی شراکت سے ٹیم کو مشکلات سے نکال کر فتح کا راستہ بنایا،فاتح ٹیم نے ہدف 19.2اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کیا۔

فضل ربی اور احمد جمال نے 2، 2 جبکہ جنید خان نے ایک وکٹ لی، مین آف دی میچ شعیب ملک رہے۔ تیسرے میچ میں راولپنڈی ریمز نے کراچی ڈولفنز کو 8رنز سے شکست دی۔ فاتح ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157رنز بنائے، عمر امین 36، اویس ضیا 34، عمر وحید27رنز کے ساتھ نمایاں رہے،آخری 7 بیٹسمین صرف 15رنز کا اضافہ کرکے پویلین واپس ہوئے، حریف کیمپ میں تباہی پھیلانے کے مرکزی کردار انور علی نے 4 پلیئرز کو آئوٹ کیا، محمد سمیع 2، اعظم حسین ، عاطف مقبول اور اکبر الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کراچی ڈولفنز کا آغاز ہی تباہ کن رہا،خالد لطیف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شاہ زیب حسن 11رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اسد شفیق کو کھاتہ کھولنے کی مہلت نہ ملی،خرم منظور 13اور اکبر الرحمان 2 پر رن آئوٹ ہوئے تو اسکور 5وکٹ پر 41تھا،فواد عالم نے 29 رنز بناکر صوتحال میں کچھ بہتری لائے۔

81 کے مجموعی اسکور پر ان کی وکٹ گرنے سے سرفراز احمد(26) بھی چلتے بنے،انور علی11 تک محدود رہے، محمد سمیع نے17گیندوں پر 38رنز بناکر فتح کی امیدیں جگائیں مگر انھیں یاسر عرفات نے آئوٹ کرکے چوتھی وکٹ حاصل کرلی، اس وقت ڈولفنز کو 7 گیندوں پر 17رنز درکار تھے، آخری جوڑی کی کوشش 149تک محدود رہیں، سہیل تنویر، سمیع اللہ اور یاسم مرتضٰی کے حصے میں ایک، ایک آئی۔