شہریوں نے بھکارن کے اغوا کی کوشش ناکام بنادی

ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا،والدین کا کارروائی سے انکار


Numainda Express February 11, 2018
ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا،والدین کا کارروائی سے انکار۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD: نو عمر گداگر لڑکی کو بھلا پھسلا کر اپنے ساتھ لی جانے کی کوشش کرنے والے شخص کو لوگوں نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تھانہ کینٹ کے علاقے جنرل پوسٹ آفس کے قریب ایک نوجوان نے وہاں بھیک مانگنے والی کم عمر بچی کو مبینہ طورپر بہلا پھسلا کر وہاں واقع ایک سنسان جگہ پر لیجانے کی کوشش کی تووہاں موجود لوگوں نے یہ منظر دیکھ کر اسے پکڑ لیا۔

شہریوں نے نوجوان کو تشدد کانشانہ بنانا شروع کردیا تاہم اطلاع ملنے پر کینٹ پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور نوجوان کو اپنی تحویل میں لیکر تھانہ کینٹ منتقل کردیا جبکہ بچی کو پولیس اپنے ہمراہ لے گئی۔ پکڑے جانے والے نوجوان کی شناخت عالمگیر کے نام سے ہوئی ہے۔ نوجوان کو کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد کینٹ پولیس نے چھوڑ دیا۔

کینٹ پولیس کے مطابق لڑکی کے دادا محمدخان کاکہنا تھاکہ زیرحراست نوجوان بھی گداگر ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کے دادا نے گرفتارگداگر کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیاہے جس پر پولیس نے اسے چھوڑ دیاہے۔