برما میں مسلمانوں کا قتل عام بند کرایا جائےمولانا ابرار رحمانی

جماعت اہلسنّت اور پاسبان کے تحت مظاہرے اور احتجاجی ریلی نکالی گئی


Staff Reporter August 09, 2012
جماعت اہلسنّت اور پاسبان کے تحت مظاہرے اور احتجاجی ریلی نکالی گئی ، فوٹو رائٹرز

لاہور: جماعت اہلسنّت اور پاسبان کے تحت مختلف علاقوں میں برما میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جماعت اہلسنّت کے رہنمائوں مولانا ابرار رحمانی، مولانا نسیم احمد صدیقی اور عرفان حسین قادری نے برما اور آسام میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف گلشن چورنگی پر احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں پر ہونے والے وحشیانہ مظالم، قتل و غارت اور بربریت کے خلاف مسلم حکمرانوں کی بے حسی افسوسناک ہے، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اپنی خاموشی کیوں نہیں توڑ رہی ہیں، بین المذا ہب ہم آہنگی کا شور مچانے والے کہاں غائب ہیں، کیا انھیں مسلمانوں کا خون نظر نہیں آتا ہے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ برما سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں،علاوہ ازیں پاسبان کے تحت برما میں مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف لیاری میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، اس موقع پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان کراچی کے نائب صدر جاوید اقبال، لیاری ٹائون کے صدر عارف جلب نے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برما میں مسلمانوں کے تحفظ اور مساجد پر پابندی کے خاتمے کیلیے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں، مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر پابندیاں ختم کرکے انھیں کھلے ماحول میں اپنے مذہبی فرائض ادا کرنے دیے جائیں۔