مفاہمتی پالیسی سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی

انتظامیہ کی نا اہلی اورکرپشن کے باعث حیدرآباد کچرے کا ڈھیر بن گیا، حسین بخش


Numainda Express August 09, 2012
انتظامیہ کی نا اہلی اورکرپشن کے باعث حیدرآباد کچرے کا ڈھیر بن گیا، حسین بخش

جمعیت علماء پاکستان ضلع حیدرآباد کے صدر حسین بخش حسینی، جنرل سیکریٹری محمد ابراہیم شیخ نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا اورصحت و صفائی کی ناقص صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص اور مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے حیدرآباد کے شہری شدید پریشانی سے دوچار ہیں،

ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث امن و امان کی صورتحال ابتر ہے، ڈاکٹرز کا اغوا، بینک ڈکیتی کے واقعات ، صدقہ فطرہ اور زکوٰۃ کے نام پر بھتہ خوری میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم اور بلیک مارکیٹنگ عروج پر ہے جن پر ضلعی انتظامیہ قابو پانے میں بُری طرح ناکام ہے۔ شہر بھر میں سحر و افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں بجلی کا بار بار غائب ہونا،

گیس کی بندش اور پانی کی قلت نے شہریوں کا جینا دو بھر کر دیا، آج شہر کی جو حالت ہے ماضی میں کبھی ایسی نہیں تھی۔ شہر بھر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ نے بڑی تعداد میں مسلم نوجوانوں کو خاکروب بھرتی کیا جو کوئی کام نہیں کرتے ،صوبائی حکومت اور اتحادیوں نے من پسند افسران کے ذریعے بلدیہ اعلیٰ میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔