پی سی بی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے ہنگامی اقدامات کریگا

پیرکواجلاس،پیس بولنگ اوروکٹ کیپنگ کے ساتھ بیٹنگ کیمپ لگانے کا فیصلہ۔


Saleem Khaliq March 30, 2013
کراچی میں رہائش پذیر وسیم اکرم نیشنل اسٹیڈیم میں بولرز کی رہنمائی کریں گے۔ فوٹو: فائل

دورئہ جنوبی افریقہ میں بدترین شکست کے بعد پی سی بی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے ہنگامی اقدامات کرے گا۔

اس ضمن میں پیر کو چیئرمین ذکا اشرف کی زیرسربراہی اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا، اس موقع پر سلیکٹرز کے ساتھ فاسٹ بولنگ، وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کے خصوصی کیمپس پر بھی تبادلہ خیال ہو گا، وسیم اکرم کے کراچی میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے پیسرز کا کیمپ نیشنل اسٹیڈیم میں ہی لگانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پروٹیز کے دیس میں پاکستان کو ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست ہوئی البتہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ جیت لیا، اس دوران بیٹنگ کے ساتھ فاسٹ بولنگ میں بھی خامیاں کھل کر سامنے آ گئیں، پرفارم نہ کرنے والے سینئرز کی ٹیم میں جگہ پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

2

بورڈ بھی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے سنجیدہ اور اس ضمن میں ہنگامی اقدامات کرے گا، فاسٹ بولرز اور وکٹ کیپرز کے کیمپ کی اطلاعات تو پہلے ہی منظر عام پر آ چکی تھیں، اب بیٹسمینوں کا بھی کیمپ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، چیئرمین ذکا اشرف جنوبی افریقہ سے واپسی کے بعد گذشتہ دو روز سے اسلام آباد میں موجود ہیں، وہ ہفتے کو لاہور پہنچ کر قذافی اسٹیڈیم میں قومی ٹی ٹوئنٹی سپر ایٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز دیکھیں گے، ذکا اشرف پیر کو لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس میں تمام کوچز اور سلیکشن کمیٹی کو بھی مدعو کیا جائے گا، اس موقع پر تینوں کیمپس کیلیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر بھی غور ہو گا، فاسٹ بولنگ کیمپ کی نگرانی وسیم اکرم کریں گے، وہ اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ زیادہ وقت گذارنے کی وجہ سے آئی پی ایل میں بھی نہیں گئے، انھیں ایونٹ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بولنگ کوچ کی ذمہ داری انجام دینا تھیں، وسیم ان دنوں اپنے نئے گھر میں منتقل ہونے والے ہیںاس لیے کیمپ کیلیے لاہور جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے، ایسے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی انعقاد کیا جا سکتا ہے۔