بیوی کے قاتل نے گھر میں گھس کر بیٹی کو قتل کر دیا

قاتل نے 12 سال قبل شکارپور میں بیوی کو قتل کیا، جیل سے رہا ہوکر آیا تھا، پولیس


Staff Reporter February 17, 2018
بھائی نمازکے بعدگھر آیا تو16سالہ ثمرین کی لاش پڑی تھی،قاتل کی تلاش میں چھاپے۔ فوٹو: فائل

ABBOTABAD: کورنگی میں شقی القلب باپ نے گھر میں گھس کر بیٹی کو تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی چکرا گوٹھ گلی نمبر 3 میں واقع گھر کے اندر سے نوجوان لڑکی کی خون میں لت پت لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔

ایس ایچ او اشفاق احمد نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 16 سالہ ثمرین کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کے والد خالد نے گھر میں گھس کر پے در پے وار کر کے قتل کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ قتل کی واردات کا پتہ اس وقت چلا جب مقتولہ کا بھائی جو کہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد گھر آیا تو اس نے بہن کی لاش کو پڑا دیکھ کر شور مچایا اور اسے محلے والوں نے بتایا کہ جب وہ گیا ہوا تھا تو اس کا والد خالد گھر آیا جو یہ واردات کر کے فرار ہوگیا ۔

اشفاق احمد نے بتایا کہ ملزم خالد نے 2006 میں شکار پور کے علاقے میں اپنی بیوی حفیظہ کو بھی قتل کیا تھا اور گرفتاری کے بعد جیل چلا گیا تھا اور چند ماہ قبل ہی رہا ہو کر آیا تھا،مقتولہ سمرین 3 بھائیوں اور 2 بہنوں میں سب سے چھوٹی تھی جبکہ وہ مذکورہ گھر میں اپنے دیگر 2 بڑے بھائیوں کے ہمراہ رہتی تھی۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بیٹی کو قتل کرنے کی کیا وجہ تھی تاہم پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور متعدد مقامات پر چھاپے بھی مارے تاہم کوئی اہم کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔