پشاور زلمی نے اعزاز کے دفاع پر نگاہیں مرکوز کرلیں

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 18 فروری 2018
اس بار آفریدی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا، حسن علی انجرڈ، سیمی اورحفیظ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلیے بے چین۔ فوٹو: فائل

اس بار آفریدی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا، حسن علی انجرڈ، سیمی اورحفیظ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلیے بے چین۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی ایس ایل تھری میں پشاور زلمی نے اعزاز کے دفاع پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی،صدر ظہیرعباس،ڈائریکٹر اور ہیڈکوچ محمد اکرم،بیٹنگ کوچ یونس خان اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن ہیں،فرنچائز کو پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی مضبوط ترین ٹیم قرار دیا گیا تھا،شاہد آفریدی کی قیادت میں پشاور نے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو24رنز اور لاہور قلندرزکو9وکٹ سے مات دی، اوپنرز محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے جیت میں اہم کردار ادا کیا،اگلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپ سیٹ کرتے ہوئے شکست دی۔

بعد ازاں ایک مقابلے میں لاہور قلندرز نے بھی غیر متوقع طور پر ہرا دیا،گروپ اسٹیج کے 8میچز میں6فتوحات کے ساتھ ٹاپ ٹیم کی حیثیت سے پلے آف مرحلے میں قدم رکھنے کے بعد پہلے کوالیفائر میں زلمی کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن کی ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے 133کا مجموعہ حاصل کرنے کے بعد سنسنی خیز مقابلے میں ایک رن سے فتح پائی،اعزاز چیمہ نے یادگار آخری اوور کرتے ہوئے 8رنز نہیں بننے دیے،ناکامی کی وجہ سے دوسرا کوالیفائر کھیلنا پڑالیکن اسلام آباد یونائیٹڈ نے شرجیل خان کی 62گیندوں پر سنچری سے تقویت پاتے ہوئے177رنز بنا دیے،پھر پشاور زلمی کو 126تک محدود بھی رکھا۔

دوسرے ایڈیشن میں ٹیم کو شکیب الحسن ابتدا میں میسر نہیں تھے،بعد ازاں الیکس ہیلز کی جگہ دلشان کو لیا گیا،مارلون سموئیلز بھی آئے،اس کے علاوہ بھی چند تبدیلیاں کرنا پڑیں،ایون مورگن اور کرس جورڈن دستیاب رہے،پہلے ہی میچ میں اسے اسلام آباد یونائیٹڈ نے زلمی کو7وکٹ سے ہرا دیا۔

اگلے میں ایون مورگن کی ففٹی نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا120کا ہدف 3وکٹیں گنواکر حاصل کرانے میں اہم کردار نبھایا،لاہور قلندرز59پر ڈھیر ہوئے تو پشاور نے بڑی مشکل سے 7وکٹ سے فتح پائی،کوئٹہ کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے سے ایک پوائنٹ ملا،اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں137کے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکامی ہوئی،کراچی کنگز نے174رنز بنانے کے بعد صرف60رنز پر 6وکٹیں گرا دیں ،ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی نے 70رنز کی شراکت سے امید دلائی لیکن 9رنز سے شکست ہوئی۔

لاہور قلندرز کے مقابل 166کا مجموعہ حاصل کرتے ہوئے 17رنز سے فتح سمیٹی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے صرف 129کا ہدف دیا لیکن پشاور زلمی نے 52رنز پر 6وکٹیں گنوا دیں،آفریدی نے 45کی اننگز کھیل کر 2وکٹ سے فتح دلادی۔پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے احمد شہزاد کی ففٹی سے تقویت پاکر200کا ہدف دیا اور ایک رن سے کامیابی حاصل کی،محمد حفیظ،ڈیوڈ میلان اور آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن فتح کا مشن مکمل نہ کرپائے، محمد نواز نے آخری 3گیندوں پر 2رنز نہیں بننے دیے۔

دوسرے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے 180کا مجموعہ حاصل کرنے کے بعد کراچی کنگز کو24رنز سے مات دی،لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیون پیٹرسن سمیت اہم پلیئرز کی غیر موجودگی میں 148کا تعاقب کرتے ہوئے 90پر ہی ڈھیر ہوگئے،یوں پشاور زلمی نے ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔

دفاعی چیمپئن ٹیم کو کپتان ڈیرن سیمی کا ساتھ تو حاصل ہے البتہ شاہد آفریدی کراچی کنگز کو جوائن کرچکے، ٹیم کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بولرز کے چھکے چھڑانے والے کامران اکمل کی خدمات بھی میسر ہیں،محمد حفیظ اور حارث سہیل کے ساتھ نیا ٹیلنٹ خوشدل شاہ بھی بیٹنگ کے اہم ستون ہونگے، حسن علی کی ابتدائی میچز میں شرکت مشکوک اور عمید آصف ان کی جگہ شامل ہوئے ہیں،پیسرز میں کرس جورڈن اور وہاب ریاض اہم ہتھیار ہونگے،اسپنر محمد اصغر ایشیائی کنڈیشنز میں کفایتی بولنگ کے ساتھ وکٹیں لینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔