سابق اسٹارز مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھنے کے حامی

جگہ سنبھالنے کیلیے قومی ٹیم میں کوئی دوسراموزوں امیدوار نظر نہیں آتا،ظہیر عباس.


Sports Desk/Sports Reporter March 31, 2013
دستیاب وسائل کی موجودگی میں بہترین انداز میں قیادت کررہے ہیں،عامر سہیل فوٹو : فائل

سابق اسٹارز نے مصباح الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کر دی،ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہورسابق عظیم بیٹسمین ظہیر عباس نے کہا کہ موجودہ حالات میں مصباح قیادت کیلیے بہترین انتخاب ہیں۔

جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں ہماری بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی مگر مصباح نے انتہائی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور وکٹ پر رک کر اپنی اہلیت بھی ثابت کی،ظہیر عباس نے کہا کہ مصباح میں یہ صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے کہ وہ موقع اور ضرورت کے مطابق کھیلتے ہیں،وہ دباؤ کی حالت میں بھی اپنے حواس کو قابو رکھتے ہوئے حریف بولرز کا بھر پورمقابلہ کرتے ہیں،ان کے اپنے نائب محمد حفیظ سے تعلقات بھی اچھے ہیں اور دونوں نے باہمی مشاورت کا راستہ اختیار کر رکھا ہے۔

ظہیر عباس نے کہا کہ قومی ٹیم میں ایسا کوئی دوسرا کھلاڑی نظر نہیں آتا جسے مصباح کی جگہ کپتان مقررکیا جائے،ایک سوال پر سابق قائد نے کہاکہ ہماری بیٹنگ لائن کی ناکامی نئی بات نہیں،یہ سلسلہ عرصہ دراز سے چل رہا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ بیٹسمین خود کو دباؤ میں کھیلنے کا عادی بنائیں اور اپنے اندر وکٹ پر قیام کی صلاحیت لائیں،مصباح ٹیسٹ اور محدود اوررز کی کرکٹ میں خود کو منوا چکے ہیں۔



ظہیر عباس نے کہا کہ بیرون ملک تیزوکٹوں کا رونا رویا جاتا ہے لیکن خود کو حالات کی مطابق ڈھالنا ہوگا ، ہمارے بیٹسمین جب تک خود کو دباؤ سے آزاد نہیں کرتے شکستیں مقدر بنتی رہیں گی۔سابق کپتان عامرسہیل نے بھی مصباح کو کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کی، انھوں نے کہا کہ کافی عرصے سے بہت سے لوگ مصباح کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں مگر دستیاب وسائل کی موجودگی میں وہ بہترین انداز میں قیادت کررہے ہیں، جنوبی افریقہ میں انھیں ایک دو شعبوں میں کمی کا سامنا رہا مگر جب سے انھوں نے پاکستان کی قیادت سنبھالی اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں، ہمیں فی الحال ان کے تجربے کی اشد ضرورت ہے، انھیں ون ڈے ٹیم سے ڈراپ یا کپتانی سے محروم کرنا درست نہیں ہوگا۔