منشیات کیس بھارتی باکسر وجیندر کے گرد گھیرا تنگ ہوگیا

خون اور بالوں کے سیمپل لیے جائیں گے، حکام عدالت سے اجازت طلب کریں گے.


Sports Desk April 01, 2013
گرفتاراسمگلر انوپ سنگھ سے وجیندر نے 80 مرتبہ فون پر بات چیت کی ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

بھارتی پولیس نے منشیات کیس میں ملوث اولمپک میڈلسٹ وجیندر سنگھ کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ باکسر نے دسمبر 2012 سے فروری 2013 کے دوران12مرتبہ منشیات استعمال کی ہے، پولیس نے انکشاف کیا کہ اولمپک میڈلسٹ وجیندر سنگھ نے منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار ہونے والے ڈیلر انوپ سنگھ کھلون سے 80 مرتبہ فون پر بات کی ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے کو بخوبی جانتے ہیں، پولیس نے یہ بات وجیندر کے موبائل فون کے ریکارڈ کی چھان بین کرنے کے بعد کیا ہے۔

ڈی آئی جی لدھیانہ ایم ایف فاروقی نے وجیندر کے خون اور بالوں کے تجزیے کرنے کیلیے ان سے تعاون کرنے کے سلسلے میں عدالت میں اپیل دائر کرنے کی تیاری کرلی ہے، ان کے ساتھی باکسر رام سنگھ نے دوران تفتیش دعویٰ کیا ہے کہ وجیندر اور وہ ملکر نشہ کرتے تھے،وجیندر سے پنجاب پولیس نے پنچ کلا اور ہریانہ میں پوچھ گچھ کی تھی تاہم انھوں نے خون اور بالوں کے سیمپلز دینے سے انکار کردیا تھا، انھوں نے پکڑے جانے والے منشیات ریکٹ سے لاتعلقی کا بھی اظہار کیا ہے۔

 

5

تاہم ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں وجیندر کے پاس سے کوئی نشہ آور اشیا نہیں ملی اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ذرائع کے مطابق حالیہ مہینوں میں وجیندراور کھلون روبی کے ساتھی رہے ہیں، کھلون اور وجیندر کے موبائل فون پر ایس ایم ایس پیغامات کا تبادلہ بھی ہوتا رہا ہے جبکہ ان کے درمیان ہونے والی ٹیلی فون کال کا دورانہ دو سے تین منٹ ہوتا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وجیندر اور رام سنگھ کھلون سے بخوبی واقف تھے، وجیندر ہریانہ پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر بھی تعینات ہیں ، وہ کھلون کے ساتھ اگست 2012 سے رابطے میں بتائے جارہے ہیں،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوران تفتیش رام سنگھ نے بتایا کہ وہ اکثر وجیندر کے فون پر کھلون سے بات بھی کرتے تھے، پولیس اب تک اس کیس میں 15 افراد کو گرفتار کیا ہے۔