ڈیوس کپ ٹائی کے لیے پاکستان ٹیم کی میانمار روانگی

اعصام امریکا سے براہ راست پہنچیں گے، نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلوں کا5 اپریل سے آغاز.


Sports Reporter April 01, 2013
اعصام امریکا سے براہ راست پہنچیں گے، نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلوں کا5 اپریل سے آغاز. فوٹو: فائل

ڈیوس کپ ٹائی میں نیوزی لینڈ سے مقابلے کیلیے پاکستانی ٹیم میانمار روانہ ہوگئی۔

لاہور سے رات 11 بجے روانہ ہونے والے اسکواڈ میں عقیل خان، یاسر خان ، محمد عابد جبکہ آفیشلز میں محمد خالد نان پلیئنگ کپتان و کوچ اور اسپیشل ٹرینر ڈاکٹر اویس ضیا شامل ہیں۔ میامی ماسٹرز کا ڈبلز ٹائٹل جیتنے والے اسٹار اعصام الحق امریکا سے براہ راست میانمار پہنچیں گے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ڈیوس کپ ٹائی کا دوسرا مرحلہ 5 سے 7 اپریل تک کھیلا جائے گا۔ پاکستان ایونٹ کی نیوٹرل مقام پر پہلی بار میزبانی کر رہا ہے۔ مقابلوں کی تیاری کیلیے پلیئرز نے دو ہفتوں تک لاہور میں ٹریننگ حاصل کی۔

میانمار کا موسم اور گراس کورٹ پر مقابلے ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ یادرہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے مقابلوں کا انعقاد نہ ہوسکا مگر قومی فیڈریشن نے ایونٹ کو میانمار منتقل کروانے کیلیے کافی جدوجہد کی۔ قومی ٹینس اسٹار عقیل خان پارٹنر اعصام الحق کی موجودگی کے باعث پرامید ہیں کہ پاکستان نیوزی لینڈ کو زیر کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

11

دوسری طرف کوچ اور نان پلیئنگ کپتان محمد خالد کا کہنا ہے کہ میانمار کی کنڈیشنز اور گراس کورٹ پاکستان کیلیے سود مند ثابت ہوگا کھلاڑی فتح کیساتھ قوم کو خوشخبری دینگے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم 2010 میں ڈیوس کپ ٹائی میں نیوزی لینڈ کے خلاف3-2 سے ہار گیا تھا۔ سیکریٹری سندھ ٹینس ایوسی ایشن خالد رحمانی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ اعصام الحق میامی ماسٹرز ٹائٹل کی فتح کا جشن منانے کے بعد ایک دو روز میں میانمار پہنچ جائیں گے، ابھی تک انھوں نے بکنگ نہیں کروائی تاہم وہ مقابلوں میں ضرور شرکت کرینگے۔