لیاری کے مختلف علاقوں کا محاصرہ گھر گھر تلاشی

پولیس و رینجرز کی مشترکہ کارروائی، بیرئیرز ہٹا دیے، 20سے زائد افراد زیر حراست


Staff Reporter April 01, 2013
پولیس و رینجرز کی مشترکہ کارروائی، بیرئیرز ہٹا دیے، 20سے زائد افراد زیر حراست. فوٹو: فائل

LONDON: پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری سمیت مخلتف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گلیوں میں لگے بیرئیر اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دیں اس دوران رینجرز کی ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کی گئی۔

آپریشن میں خواتیں اہلکاروں اور سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی ، رات گئے پولیس کی 600 سے زائد کی نفری نے لیاری کے مخلتف علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری موسیٰ لین ، شاہ ولی اﷲ ، لیاقت کالونی ، دریا آباد ، جونا بغدادی کے علاقہ کھارادر ، جوڑیا بازار، گارڈن، رنچھوڑ لائن، گھاس منڈی اور عثمان آباد کے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گلیوں میں رکاوٹوں کے لیے لگائے گئے لوہے اور بانس کے بیرئیر ہٹا دیے اس دوران رینجرز کی ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

پولیس کے مطابق مشترکہ کارروائی میں رینجرز اور پولیس کی خواتین اہلکار بھی شامل تھیں جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی جبکہ رات گئے ایس پی لیاری نجم الدین ترین اور ڈی ایس پی بغدادی ناصر لودھی کی سربراہی میں پولیس کے 600 سے زائد کمانڈوز نے لیاری کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

5

ذرائع کے مطابق پولیس کی نفری 3 ٹرکوں اور 15 پولیس موبائلوں میں سوار تھی، پولیس کے ٹرک اور موبائلیں 8 چوک پر کھڑے کر دیے گئے اور حاجی پیر محمد روڈ اور شاہ عبد الطیف بھٹائی روڈ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی جہاں سے پولیس کو اطلاع ملی کہ 3 روز قبل فائرنگ سے ہلاک کیے جانے والے کلری تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او منظور الہی کے قتل میں ملوث ملزمان فہیم پٹھان ، شکیل پٹھان ، خالد اور محمد شاہ دریا آباد گلی نمبر 6میں موجود ہیں جس پر پولیس نے اس وہاں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی شروع کر دی۔

آپریشن کے دوران لیاری کے تمام علاقوں کی دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا,پولیس کے آپریشن کے خلاف خواتین احتجاج کے لیے سڑکوں پر آئیں تاہم پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسا کر انھیں متشتر کر دیا، رات گئے لیاری کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ علاوہ ازیں رات گئے رینجرز نے ناتھا خان گوٹھ شاہ فیصل کالونی کا محاصرہ کرکے 6افراد کو حراست میں لے لیا۔