آشیانہ اسکیم کا ٹھیکیدار شاہد شفیق 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ویب ڈیسک  پير 26 فروری 2018

 لاہور: احتساب عدالت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار آشیانہ اسکیم کے ٹھیکیدار شاہد شفیق کو 5 مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر قوی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سرکاری آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے ٹھیکیدار اور بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو نیب نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں گرفتار کیا، ملزم کی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی پیراگون سٹی کی ذیلی تنظیم ہے۔ عدالت نے ملزم شاہد شفیق کو پانچ مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

نیب نے شاہد شفیق پر تشدد کا الزام مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔ نیب نے کہا کہ شاہد شفیق کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملزم پر کوئی تشدد نہیں ہوا، ملزم ذہنی اور جسمانی طور پر بالکل تندرست ہے، پیشی کے وقت ملزم کی حالت بالکل درست تھی اور صرف معمولی ڈپریشن تھا۔ ملزم کی اہلیہ نے نیب افسران پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے شاہد شفیق کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ شاہد شفیق کی اہلیہ نے نیب افسران کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی جمع کرائی ہے۔

ملزم کے وکلا نے نیب کی میڈیکل رپورٹ مسترد کردی۔ شاہد کے وکیل نے عدالت میں ملزم کی نئی میڈیکل رپورٹ کے لیے درخواست جمع کراتے ہوئے کہا کہ اس کے موکل پر نیب افسران نے تشدد کیا، جس کی تصاویر عدالت میں جمع کروا دی ہیں۔ ملزم شاہد نے بھی عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس پر تشدد کیا گیا ہے۔ ملزم نے کہا کہ اسے گردن پر مارا گیا ہے اور اس کی شریانوں میں تکلیف ہے۔ اس نے کہا کہ میرے پاؤں میں تکلیف ہے اور پاؤں سو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آشیانہ اسکیم کا ٹھیکیدار شاہد شفیق ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

واضح رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل میں گرفتار بسم اللہ کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق کو سابق ڈی جی لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ شاہد شفیق کو گزشتہ روز ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔