کراچی میں نومولود بچوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

سفاک ملزمان کلفٹن میں ایک دن کے بچے کی گلا کٹی لاش پھینک کر فرار


Staff Reporter February 28, 2018
رواں سال اب تک شہر کے مختلف علاقوں سے 19 نومولود بچوں کی لاشیں ملیں فوٹو : فائل

بڑھتی ہوئی بے راہ روی کے واقعات میں نومولود بچوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سفاک ملزمان کلفٹن کے علاقے توحید کمرشل اسٹریٹ نمبر 26 کی کچرا کنڈی میں ایک دن کے نومولود بچے کی گلا کٹی ہوئی لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ رواں سال اب تک شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 19 نومولود بچوں کی لاشیں ملیں جنھیں سفاک ملزمان نے اپنا گناہ چھپانے کی خاطر دنیا میں آتے ہی ابدی نیند سلا دیا۔ پولیس کسی بھی ملزم کا سراغ لگا سکی نہ ہی کسی کو لاش پھینکتے ہوئے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔

منگل کو ملنے والی لاش کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لاش ایک دن کے بچے کی ہے جسے سفاک ملزمان نے تیز دھار آلے کی مدد سے ذبح کیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 24 فروری کو شاہ لطیف ٹائون کے علاقے چوکنڈی قبرستان سے نومولود بچی کی لاش ملی تھی۔