الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کا آغاز کر دیا

فاروق ستار، خوش بخت شجاعت،آفاق احمد، معراج الہدیٰ، زبیرخان اور دیگر کے کوائف عبوری طور پر منظور.


Staff Reporter April 02, 2013
فاروق ستار،وسیم اختر،خوش بخت شجاعت کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے بعد وکٹری کا نشان بنارہے ہیں فوٹو : ایکسپریس

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی عبوری جانچ پڑتال کا آغاز کرتے ہوئے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے 50سے زائد فارم منظور کرلیے ہیں۔

چھان بین کے پہلے مرحلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، خوش بخت شجاعت، سید شاکر علی، وسیم اختر، رؤف صدیقی ، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر معراج الہدیٰ، تحریک انصاف کے زبیر خان سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی عبوری طور پر منظور کرلیے گئے۔

ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی حتمی منظوری کیلیے ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، یوٹیلیٹی اداروں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے رابطہ کریں گے، تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی کی عبوری جانچ پڑتال کا آغاز کردیا ہے، ابتدائی مرحلے میں صرف یہ دیکھا جارہا ہے کہ امیدواروں نے فارم صحیح پرُ کیے ہیں اور ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات درج کی ہے یا نہیں، پیر کو متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار ڈاکٹر فاروق ستار مختلف اضلاع کے ریٹرننگ افسران کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان کے کوائف کی ابتدائی جانچ پڑتال کرکے عبوری منظوری دیدی گئی۔



فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں این اے 249، 250، 252 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، صوبائی اسمبلی کے حلقے 92 اور 112 کیلیے ایم کیوایم کے امیدوار سید شاکر علی کے کاغذات نامزدگی عبوری طور پر منظور کرلیے گئے، این اے 250 اور این اے 253کی امیدوار خوش بخت شجاعت کے کوائف عبوری طور پر منظور کرلیے گئے، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد پیر کو سخت حفاظتی انتظام میں سٹی کورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلیے پیش ہوئے۔

آفاق احمد نے قومی اسمبلی کے2 حلقوں این اے255 اور این اے 251 میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جو عبوری طور پر منظور کرلیے گئے ہیں ، مہاجر قومی موومنٹ کی امیدوار شاہین عدنان کے کاغذات نامزدگی پی ایس 114کیلیے منظور کرلیے گئے،جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی عبوری طور پر منظور کیے گئے ہیں ان میں ایم کیوایم کے خالد محمود ، ریحان ہاشمی، عارف خان ایڈووکیٹ، امین الحق، اشتیاق احمد، اقبال محمد علی خان، عبدلحسیب، آصف حسنین، وسیم اختر، رؤف صدیقی، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر معراج الہدیٰ، یونس بارائی، جمعیت علمائے پاکستان صدیق راٹھور، پاکستان تحریک انصاف کے زبیر خان، مسلم لیگ(ن) کے علی اکبر گجر اور اسلم خٹک اور دیگر امیدوار شامل ہیں۔