بھارتی فلمی ستاروں کے جھرمٹ میں آئی پی ایل کا آغاز

امریکی ریپر پٹ بال نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، غباروں سے جھولتی پرفارمر ٹرافی لے کر اسٹیج پر اتریں.


Sports Desk April 03, 2013
کولکتہ: انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

بھارتی فلمی ستاروں کی جھرمٹ میں انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح ہوگیا۔

کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں بالی ووڈ اسٹارز کی کہکشاں سج گئی، شاہ رخ خان کی دھماکہ خیز آمد پر ہزاروں تماشائیوں کا جوش وخروش آسمان کو چھونے لگا، کترینا کیف اور دپیکا پڈوکون نے اپنے حسن کا جادوجگایا، امریکی ریپر پٹ بال نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، فلائنگ ڈرمرز اور چینی موسیقاروں نے اپنی مدھر دھنوں سے سماں باندھ دیا، غباروں کے ساتھ جھولتی لڑکی ٹرافی لے کر اسٹیج پر اتری، ایونٹ میں شریک تمام 9 ٹیموں کے کپتانوں نے اچھی اور صاف ستھری کرکٹ کھیلنے کا حلف اٹھایا۔

ایونٹ کا باضابطہ آغاز بدھ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی ڈیرڈیولز کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا حسب روایت بالی ووڈ اسٹائل میں رنگ و نور کے سیلاب میں افتتاح ہوگیا ہے۔ اس بار تقریب کو کچھ زیادہ ہی فلمی تڑکا لگایا گیا تھا، یہ خوبصورت شام کولکتہ کے سالٹ لیک فٹبال اسٹیڈیم میں سجی جس میں تماشائیوں کی گنجائش ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب ہے تاہم ایک اندازے کے مطابق 60 ہزار سے زائد کا مجمع وہاں تھا۔ تقریب کے انتظامات کی ذمہ داری بالی ووڈ اسٹار اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ کی کمپنی ریڈ چلیز کو سونپی گئی تھی۔

2

ایک روز قبل شاہ رخ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایسی دھماکہ خیز تقریب ہوگی جوکہ اس سے قبل بھارت نے نہیں دیکھی ہوگی مگر ان کا یہ دعویٰ درست ثابت نہیں ہوسکا۔ تقریب شاندار ضرور مگر غیرمعمولی نہیں تھی، یہ کسی اسپورٹس ایونٹ کے افتتاح کے بجائے کسی فلمی ایوارڈ کی تقریب دکھائی دے رہی تھی۔ شائقین کی تعداد بھی اپنے فلمی اسٹارز کی جھلک دیکھنے کے لیے بے چین تھے جب شاہ رخ خان نے انٹری دی تو حاضرین کو جوش و خروش آسمان کو چھونے لگا، شاہ رخ خان نے رابندرناتھ ٹیگور کے مشہور گیت اگونر پروشمنی پر پرفارم کیا۔ مجموعی طور پر اس تقریب کو 6 حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور موسیقی تمام چیزوں پر غالب رہی۔

شاہ رخ خان کے ساتھ کترینہ کیف اور دپیکا پڈوکون نے بھی مشہور بھارتی فلمی گانوں پر پرفارم کیا۔ جب ریپر پٹ بال اسٹیج پر آئے تو شائقین جھومنے پر مجبور ہوگئے، انھوںنے اپنے مشہور نمبرز سنائے، فلائنگ ڈرمرز نے اپنی پرفارمنس سے لوگوں کو حیران کیا تو چینی موسیقار بھی اپنی دھنوں کے تار چھیڑنے کے لیے موجود تھے۔ پہلے پروگرام کے تحت دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کپتان گوتم گمبھیر نے ٹرافی لے کر اسٹیج پر آنا تھا مگر اس میں بھی نئی جدت اختیار کی گئی غباروں سے جھولتی ایک پرفارمر ٹرافی لے کر اسٹیج پر اتریں اور وہاں موجود میزبان کو دیکر قلابازیاں کھاتی ہوئی آسمان میں بلند ہوگئیں۔

اس موقع پر آتش بازی کا بھی خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔ ایونٹ میں شریک تمام 9 ٹیموں کے کپتان میدان میں آئے، انھوں نے اسٹیج پر کرکٹ اسپرٹ کا حلف لیتے ہوئے عہد کیا کہ جاندار اور شفاف کرکٹ کھیلیں گے۔