60 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد منظور

مخصوص نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اسکروٹنی بدھ سے شروع ہوگی،صوبائی الیکشن کمیشن.


Staff Reporter April 03, 2013
مسلم لیگ (ن)کے امیدوارعلی اکبر گجر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد جارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

عام انتخابات 2013کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، سٹی کورٹ، ملیر کورٹ وجوڈیشل کمپلیکس سے قومی وصوبائی اسمبلی نشستوں کے لیے60 سے زائد امیدواروںکے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رئوف صدیقی، وسیم اختر، اے این بی کے بشیر جان اور دیگر امیدواروں کے کاغذات منظور کرلیے گئے، تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے وسیم اختر کے کاغذات نامزدگی این اے 242، عبدالقادر خانزادہ این اے 242، سلمان مجاہد بلوچ این اے 239 سمیت دیگر امیدواروں کے فارم منظور کرلیے گئے، صوبائی اسمبلی سے ایم کیوایم کے امیدوار رئوف صدیقی پی ایس112, 113، ڈاکٹر ندیم مقبول ، اشفاق منگی، خوش بخت شجاعت سمیت کئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

 

7

جماعت اسلامی کے محمد حنیف کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 سے منظور کرلیے گئے جبکہ صوبائی اسمبلی میں انتخابات میں حصہ لینے والے یونس بارائی پی ایس 119اور عبدالرزاق پی ایس93 کے کوائف بھی منظور کرلیے گئے، صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے امیدوار جمعیت علمائے اسلام کے شیرخان نیازی، آل پاکستان مسلم لیگ کے سید ظہیر جعفری، مسلم لیگ(ن) کے علی اکبر گجر اور دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔

جوڈیشل کمپلیکس اور ملیر کورٹ سے منگل کو 53 کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے، ملیر کورٹ سے اہلسنت والجماعت کے اورنگزیب فاروقی کے کاغذات نامزدگی پی ایس 128، جماعت اسلامی کے چوہدری فضل الحق پی ایس 130، پیپلزپارٹی کے امیدوار شاہ جہاں پی ایس 128، ایم کیوایم کے امیدوار طارق محمود سمیت کئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے،صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کیلیے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اسکروٹنی بدھ سے شروع ہوگی۔