500 مقامات سے بیرئیر ہٹا دیے کراچی میں کوئی نوگو ایریا نہیں آئی جی سندھ

کچھ علاقوں میں پولیس کو مزاحمت کا سامنا ہے، انتخابات کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے، پریس کانفرنس


Staff Reporter April 04, 2013
کچھ علاقوں میں پولیس کو مزاحمت کا سامنا ہے، انتخابات کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے، پریس کانفرنس فوٹو : فائل

KARACHI: آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں کوئی نو گو ایریا نہیں۔

مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد موجود ہیں، کچھ علاقوں میں پولیس کو مزاحمت کا سامنا ہے، ایسی جگہوں کو بھی کلیئر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، پولیس نے500 مقامات سے بیریئر ہٹادیے، انتخابات کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے، یہ بات انھوں نے گزشتہ روز لانڈھی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے بعد پولیس کے چھاپوں کی تعداد بڑھ گئی ہے لیکن یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے، انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ مزید فورس کی بھی ضرورت پڑے گی جس کیلیے وزارت داخلہ سے درخواست کردی گئی ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کو ہر علاقے میں انتخابی سرگرمیاں جاری رکھنے کا ماحول فراہم کیا جائیگا۔



پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 500 بیریئر ہٹادیے ہیں ، انتخابات کا سیکیورٹی پلان اگر بتادیا تو وہ سیکیورٹی پلان نہیں رہے گا اور شرپسند عناصر اس سے فائدہ اٹھالیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بھی اسلحہ فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ، شہید اہلکاروں کے ورثا کے مسائل کے سوال پر آئی جی نے کہا کہ کمیٹی بنادی گئی ہے۔

کچھ کیسز میں دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے تاہم جلد تمام مسائل حل کرلیے جائینگے، کلفٹن میں نوجوان لڑکی کے اغوا کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ایک ملزم کی گرفتاری کیلیے لاہور میں بھی چھاپہ مارا گیا گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔